بھارت کے ہاتھوں شکست، انگلینڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی دوڑ سے باہر

احمد آباد میں بھارت کے ہاتھوں سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد انگلینڈ کی ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹیسٹ چیمپئن شپ کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے۔

احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں بھارت نے ایک کم اسکور والے میچ میں انگلینڈ کو 10 وکٹوں سے باآسانی شکست دی۔

انگلینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، تاہم ٹرننگ وکٹ پر انگلش ٹیم 112 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

انگلینڈ کی جانب سے زیک کراؤلے نے 53 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ بھارت کی جانب سے پہلی اننگز میں اکسر پٹیل نے 6، روی ایشون نے 3 وکٹیں لیں اور ایک وکٹ ایشانت شرما کے حصے میں آئی۔

بھارت کو بھی پہلی اننگز میں اسی طرح کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا کہ جیسا انگلینڈ کو ہوا۔

بھارتی بلے باز روہیت شرما کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی انگلش بولرز جیک لیچ اور جو روٹ کو نہیں کھیل پایا اور پوری ٹیم 145 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئی۔

روہیت شرما نے پہلی اننگز میں 66 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ انگلینڈ کے کپتان جو روٹ 5 اور جیک لیچ 4 وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔

انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز شروع کی تو اسے پہلے سے زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جہاں مہمان ٹیم صرف 81 کے مجموعے پر ہی پویلین لوٹ گئی۔

انگلینڈ کی جانب سے بین اسٹوکس 25 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ بھارت کی جانب سے اکسر پٹیل نے 5 اور روی ایشون نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ایک وکٹ واشنگٹن سندر کے حصے میں آئی۔

بھارتی ٹیم کو صرف 49 رنز کا ہدف ملا جو اس نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے حاصل کرلیا۔

اسپنر کے لیے ساز گار اس وکٹ کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ میچ میں کل 30 وکٹیں گریں جن میں 28 وکٹیں اسپنرز اور دو وکٹیں فاسٹ بولرز نے لیں۔

اس شکست کے ساتھ ہی انگلینڈ کی ٹیم آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کی دوڑ سے بھی باہر ہوگئی ہے۔

چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بھارت کو 1-2 سے برتری حاصل ہوگئی ہے۔

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کے لیے بھارتی ٹیم کو اس ٹیسٹ میں ہر صورت شکست سے بچنا ہے۔

شکست کی صورت میں بھارتی ٹیم بھی ایونٹ کے فائنل سے باہر ہوجائے گی اور پھر فائنل مقابلہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔