کرینہ اور سیف کا چھوٹا بیٹا بالکل تیمور جیسا ہے: رندھیر کپور

بالی ووڈ کے سینئر اداکار اور کرینہ کپور کے والد رندھیر کپور کا کہنا ہے کہ کرینہ اور سیف کا چھوٹا بیٹا بالکل اپنے بڑے بھائی تیمور کے جیسا ہے۔

رندھیر کپور نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنا نواسہ دیکھ لیا ہے اور وہ بالکل اپنے بڑے بھائی تیمور علی خان کے جیسا دِکھتا ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’مجھے تو سارے چھوٹے بچے ایک ہی جیسے لگتے ہیں لیکن میرا ننھا نواسہ اپنے بڑے بھائی میں بہت ملتا ہے۔‘

رندھیر کپور نے مزید کہا کہ ’میں اپنے بیٹی کرینہ کپور سے بھی ملا ہوں اور وہ بالکل ٹھیک ہے جبکہ بچہ بھی صحت مند ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کرینہ کپور اور سیف علی خان کے دوسرے بیٹے کی پیدائش کے موقع پر رندھیر کپور نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’بیٹے کی پیدائش سے ناصرف سیف اور میری بیٹی خوش ہیں بلکہ تیمور بھی بڑا بھائی بن کر بہت خوش ہوگیا ہے۔‘

رندھیر کپور کا کہنا تھا کہ ’میں ایک بار پھر سے نانا بننے پر بہت خوشی محسوس کررہا ہوں۔
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرینہ کپور اور سیف علی خان کے ہاں دوسرے بیٹے کی پیدائش گزشتہ روز ہوئی تاہم ابھی تک اُن کے بیٹے کی کوئی تصویر منظرِ عام پر نہیں آئی ہے۔

خیال رہے کہ کرینہ کپور اور سیف علی خان سال 2012 میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے
کرینہ کپور اور سیف علی خان کے ہاں پہلے بچے کی ولادت 20 دسمبر 2016 میں ہوئی تھی جبکہ اس معروف فلمی جوڑے نے دوسرے بچے کے حوالے سے کرینہ کے امید سے ہونے کا اعلان گرشتہ برس اگست میں کیا تھا