ملتان سلطانز کے کپتان رضوان کی محنت رائیگاں، اسلام یونائیٹڈ 3 وکٹوں سے فاتح

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) 6 کے تیسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 3 وکٹ سے شکست دے کر رواں سیزن کا آغاز فاتحانہ انداز میں کیا ہے۔

ملتان سلطانز کی جیت کی راہ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے لوئیس گریگوری حائل ہوگئے، انہیں شاندار آل راؤنڈر پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے نئے کپتان محمد رضوان کی71 رنز کی شاندار بیٹنگ رائیگاں چلی گئی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ، اس کے ساتھ ہی محمد رضوان اور شاداب خان کی کپتانی کے داؤ پیچ کا آغاز ہوگیا۔

کپتان محمد رضوان نے 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، 53 گیندوں کا سامنا کرنے والے اوپننگ بیٹسمین نے 8 چوکے اور 2 چھکے لگائے، انہیں محمد وسیم نے پویلین کی راہ دکھائی۔

ملتان سلطانز ریلی روسو نے 25، کارلوس بریتھ ویٹ کے 22 اور جیمز وینس کے 16 رنز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 150 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے تمام ہی بولرز نے عمدہ پرفارم کرنے کی کوشش کی، خاص طور پر محمد وسیم نے 29 رنز دے کر 3 اور گریگوری نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں، دیگر میں حسن علی، فہیم اشرف اور کپتان شاداب خان نے 1، 1 وکٹ اپنے نام کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے 151 رنز کے ہدف کے تعاقب کے لیے بیٹنگ شروع کی تو اس کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہی، ایک موقع پر 74 رنز پر 6 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے۔

الیکس ہیلز 29 فل سالٹ 13، شاداب خان 5، حسین طلعت 10، آصف علی 9 اور افتخار احمد 1 رنز بناکر میدان چھوڑ گئے، یہی وہ موقع تھا جب میچ مکمل طور پر ملتان سلطانز کے حق میں تھا۔

اس موقع پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے گریگوری نے فہیم اشرف کے ساتھ مل کر اسکور بورڈ کی روانی میں اضافہ کیا، دونوں کھلاڑیوں ساتویں وکٹ پر 43 رنز کی شراکت قائم کی۔

فہیم اشرف117 کے اسکور پر 22 رنز کی اننگز کھیل کر کارلوس بریتھ ویٹ کی گیند پر شاہد آفریدی کو آسان کیچ دے بیٹھے، اس موقع پر لگا کہ ایک بار پھر ملتان سلطانز کی واپسی یقینی ہے پر، گریکوری نے سہیل تنویر کے آخری اوور میں 19 رنز بٹور کر میچ کو یکطرف کردیا، اسلام آباد کے مرد میدان لوئیس گریگوری نے 49 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

پی ایس ایل 6 میں ہر ٹیم نے اپنا اپنا ایک میچ کھیل لیا ہے، لاہور قلندرز ، کراچی کنگز اور اسلام آباد نے اپنے اپنے میچز جیت لیے جبکہ ملتان سلطانز ، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈیٹرز کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے