سب ہار گئے،فیصل واوڈا سینیٹ ٹکٹ لینے میں کامیاب

وزیر اعظم کی سربراہی میں تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ نے نجی اللہ خٹک سے ٹکٹ واپس لینے جب کہ فیصل واوڈا کو دیا ہوا ٹکٹ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بنی گالہ میں وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی بورڈ کا اہم اجلاس ہوا، جس میں سینیٹ انتخابات کے ٹکٹ کے حوالے سے پی ٹی آئی ارکان کے تحفظات پرغورکیا گیا۔ اجلاس میں پارلیمانی بورڈ نے فیصل واوڈا اور سیف اللہ ابڑو کو دیا ہوا ٹکٹ برقرار رکھنے جب کہ نجی اللہ خٹک سے ٹکٹ واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی ملاقات کی ، اس موقع پر سیف اللہ نیازی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں سینیٹ انتخابات اور سینیٹ ٹکٹوں کی تقسیم پر اعتراضات پر غور کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف خیبر پختونخوا نے نجی اللہ خٹک اور تحریک انصاف سندھ نے فیصل واوڈا اور سیف اللہ ابڑو کی نامزدگی پراعتراضات اٹھائے تھے۔ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف بلوچستان نے بھی عبدالقادر کو ٹکٹ دینے پراعتراض اٹھایا تھا اور پھر کارکنان کے شدید احتجاج کے بعد پی ٹی آئی نے عبدالقادر سے سینیٹ کا ٹکٹ واپس لے لیا تھا۔