دولہے کی گاڑی پر فائرنگ ،گود میں بیٹھا بچہ جاں بحق

جیکسن کے علاقے مسان چوک پر دولہے کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں بچہ ہلاک اور دولہا زخمی ہوگیا،پولیس نے دلہن کے چچا زاد بھائی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔تفصیلات کے مطابق جیکسن تھانے کی حدود کیماڑی مسان روڈ پرواقع طاہر میڈیکل سینٹر پر ملیر سے آئی ہوئی برات پر ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب دولہے کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعے میں 12 سالہ سدیس ہلاک اور دولہا اسفند زخمی ہوگیاتھا جبکہ کار پر فائرنگ کرنے والا دلہن کا چچازاد بھائی شاہد ولداختر موقع سے فرار ہوگیا پولیس نے واقعے کا مقدمہ مضروب اسفند یار خان کے والد عمر خان کی مدعیت میں ملزم شاہد کے خلاف درج کرلیا ہے ، مقدمے میں قتل اور اقدام قتل کی دفعات عائد کی گئی ہیں ،پولیس کے مطابق واقعہ کے وقت مقتول سدیس دولہا کی گود میں بیٹھا ہوا تھاگولی سدیس کے جسم سے پار ہوکر دولہا کے جسم میں پیوست ہوئی جس سے دولہا اسفند یار زخمی ہوا تھا ، ملزم شاہد بھی رشتے دار ہے اور ابتدائی تحقیقات میں واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ ثابت ہوا ہے،ایس ایچ او ملک عادل کے مطابق دلہن کے چچا زاد بھائی نے کسی اور سے شادی ہونے پر فائرنگ کی اسلئے کہ لڑکی کے والد نے بچپن میں ملزم سے اپنی بیٹی کی شادی کرنے کا کہا تھا اس ہی بات پر انکے خاندان میں جھگڑا چل رہا تھا، تاہم ملزم کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں جلد گرفتاری عمل میں آنے کا امکان ہے،پولیس نے بتایا کہ واقعے میں جاں بحق ہونے والے سدیس کی لاش رات ہی اسکے اہلخانہ آبائی علاقے ٹھٹھہ لے گئے تھے،جبکہ دولہا اسفند یار ضیاء الدین اسپتال کلفٹن میں زیر علاج جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

https://jang.com.pk/news/885824?_ga=2.58530089.2034070071.1613360425-360150504.1613360423