کووڈ19 جیسی آزمائش کی گھڑی میں چین نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ چین پاکستان کا ایک مخلص اورقابل اعتماد دوست ہے۔ڈاکٹر خالد عراقی

جامعہ کراچی میں اس سال سے چینی زبان اور ثقافت پر مبنی چارسالہ ڈگری پروگرام شروع کیا جارہاہے۔چینی ڈائریکٹرپروفیسر ژانگ شاؤپنگ

کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ جامعہ کراچی کا مقصدطلبہ کو ان کے مستقبل میں کیرئیر کے بہترین مواقع فراہم کرنا ہے۔ڈاکٹر ناصر الدین خان

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ کووڈ19 جیسی آزمائش کی گھڑی میں چین نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ چین پاکستان کا ایک مخلص اورقابل اعتماد دوست ہے اور اس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے۔ چین ایک عظیم معاشی قوت بن چکی ہے جو دنیا کے لئے باعث حیرت ہے جس کا بڑا سبب معاشی سیکٹر میں دوررس نتائج رکھنے والے قومی فیصلے ہیں۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاک چین دوستی اور پاکستانی معیشت کی بہتری کے لئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، پاک چائنا تعلقات دونوں ممالک کے اقوام کے لئے ایک متاثر کن مشعل راہ کا درجہ رکھتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی میں نئے چینی سال کی مناسبت سے جامعہ کراچی کے گیسٹ ہاؤس میں منعقدہ تقریب ”ہیپی اسپرنگ فیسٹول“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید،روئسائے کلیہ جات،صدورشعبہ جات،چینی وپاکستانی ڈائریکٹرز، فیکلٹی ممبران اور جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات کے اساتذہ کی کثیر تعدادموجودتھی۔

ڈاکٹر خالد عراقی نے نئے چینی سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چینی زبان اب صرف چینی نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی زبان بن چکی ہے اور دن بدن چینی زبان سیکھنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہاہے۔انہوں نے کنفیوشس انسٹی برائے چینی زبان جامعہ کراچی کے چینی،پاکستانی ڈائریکٹرز،فیکلٹی ممبران اور انتظامی عملے کی کاوشوں کو سراہا۔

کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی کے چینی ڈائریکٹر پروفیسر ژانگ شاؤپنگ نے کہا کہ جامعہ کراچی اور چین کی سچوان نارمل یونیورسٹی کے اشتراک اور سینٹر آف لینگویج ایجوکیشن اینڈ کوآپریشن(چین) کے تعاون سے جامعہ کراچی میں اس سال سے چینی زبان اور ثقافت پر مبنی چارسالہ ڈگری پروگرام شروع کیا جارہاہے جس کے مفاہمتی یادداشت پر باضابطہ دستخط گذشتہ سال ہوچکے ہیں۔مذکورہ ڈگری پروگرام کے تحت طلبہ پہلے دوسال کی کلاسز جامعہ کراچی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جبکہ آخری دوسال کا تدریسی عمل سچوان نارمل یونیورسٹی چین میں مکمل کریں گے۔چین میں دوران تدریس سینٹر فار لینگویج ایجوکیشن اینڈ کوآپریشن اسکالرشپ فراہم کرے گا جس میں ٹیوشن اور رہائش کے اخراجات شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا انسٹی ٹیوٹ ہے۔مجھے امید ہے کہ جامعہ کراچی اور سچوان نارمل یونیورسٹیز کے مابین مزید پروگرام بھی جلد شروع ہوں گے۔

کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی کے پاکستانی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ناصر الدین خان نے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ میں ہونے والی سرگرمیوں پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کا تیزی سے ترقی کے منازل طے کرنا چینی اساتذہ کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انسٹی ٹیوٹ ہذاکا مقصدطلبہ کو ان کے مستقبل میں کیرئیر کے بہترین مواقع فراہم کرنا ہے۔

شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی لیاری کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اختر بلوچ نے کہا کہ ہمیں برآمد ات میں اضافے کے لئے چین کو مشعل راہ بنانے کی ضرورت ہے اور اسی صورت ہم اپنی معیشت کو بہتری کی جانب گامزن کرسکتے ہیں۔ ترقی پذیر ممالک کو چین سے سیکھنے اور اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

شعبہ نفسیات جامعہ کراچی کی پروفیسر ڈاکٹر فرح اقبال نے کہا کہ چینی عوام اپنی ذمہ داریوں کا بخوبی احساس رکھتے ہیں اور نہایت ایمانداری سے اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ قانون پر عملدرآمد کویقینی بناتے ہیں جو کسی بھی ملک کی ترقی کے لئے ناگزیر ہوتاہے۔

جامعہ کراچی کے شعبہ تاریخ کے پروفیسر ڈاکٹر معیز خان نے چینی تاریخ پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ چین نے عصر حاضر کی جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہوکر پوری دنیا میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا ہے اور وہ ایک ابھرتی ہوئی معیشت بن کر سامنے آئی ہیں۔تقریب کے اختتام پر نئے سال کی خوشی میں کیک بھی کاٹاگیا۔