نگرپاکر، کارونجھر پہاڑ میں موجود چیتے نے 2 گائیں چیر پھاڑ دیں

اسلام کوٹ(رپورٹ ،عبدالغنی بجیر)نگرپاکر کے کارونجھر پہاڑ میں بھارتی سرحد سے گھس کر آنے والے چیتے نے دوگائیں چیر پھاڑ کرہلاک کردیں جبکہ ایک گائے کو شدید زخمی کردیا، محکمہ وائلڈ لائف نے تلاش شروع کردی۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ کارونجھر پہاڑ میں مویشیوں کے باڑے قائم ہیں اور ساڑھدرو مندر کے قریب گائے کے ریوڑ روزانہ پہاڑی پر باہر بیٹھے رہتے ہیں۔گزشتہ رات اچانک چیتے نے حملہ کر کے دو گائیں چیر پھاڑ دیں۔صبح دیکھتے ہی انتظامیہ کو اطلاع دی گئی۔نگرپاکر کے مکینوں کا کہنا تھا کہ ایک ماہ قبل بھارتی سرحد سے چیتا گھس کر آیا تھا جس نے کچھ جانوروں کو زخمی کیا بعد میں پہاڑ میں کہیں غائب ہوگیا تھا۔رات پھر سے ایسا واقعہ پیش آیا۔اس ضمن میں رابطہ کرنے پر محکمہ جنگلی حیات کے ضلعی آفیسر اشفاق میمن نے بتایا کہ ہماری ٹیم کارونجھر پہاڑ میں موجود ہے مگر کسی عینی شاہد نے ابھی نشاندہی نہیں کی ہے تاہم تلاش جاری ہے۔

https://jang.com.pk/news/884589?_ga=2.88833819.1817130049.1613110735-441824458.1613110734