ریاست شہری کے مرنے پر کم ازکم قبر تو کھود کر دیدے، لاہور ہائیکورٹ

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان نےکہاہے کہ ہرشخص بلاواسطہ ٹیکس دے رہاہے، ریاست شہری کے مرنے پر کم ازکم قبرتوکھودکردیدے ،کبھی سوچا گھرمیت پڑی ہےاور 25سے30ہزار روپے قبرکھدائی کیلئے لوگوں کے گھروں میں جارہاہو۔ گرین ایریاز پر ہائوسنگ سوسائٹیوں کی تعمیر کیخلاف کیس میں چیئرمین ایل ڈی اے سے23فروری تک تحریری وضاحت طلب کرلی،عدالت کے روبرو ایل ڈی اے میں ڈیپوٹیشن پر تعینات افسروں کی فہرست عدالت میں پیش کی گئی۔چیف جسٹس ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ ہر شہری بلاواسطہ ٹیکس دے رہا ہے، ریاست اتنی ذمہ داری تو ادا کر دے کہ ایک شہری جو ماچس خریدنے پر بھی ٹیکس دیتا ہو کم از کم اسکے مرنے پر قبر تو ریاست کھود کر دے دے، کبھی سوچا ہے کہ گھر میت پڑی ہے اور 25 سے 30ہزار روپے قبر کھدائی کیلئے لوگوں کے گھروں میں جا رہا ہو اگر جگہ تھوڑی ہے تو میں میانوالی اور ڈیرہ غازی خان کے تمام ترقیاتی پراجیکٹس پر کام روک دیتا ہوں۔