سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان مہنگائی میں اضافے کے ذمہ دار اپنے حاشیہ برداروں اور کٹھ پتلیوں کی سرپرستی کررہے ہیں،

کراچی/اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان مہنگائی میں اضافے کے ذمہ دار اپنے حاشیہ برداروں اور کٹھ پتلیوں کی سرپرستی کررہے ہیں، میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے اپنے ایک جاری بیان میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں اس لئے ناکام ہے کہ اس حکومت کے اپنے کرتا دھرتا ناجائز منافع خوری میں ملوث ہیں اور یہ تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ حکومت غیرمعمولی مہنگائی کی سرپرستی میں ملوث ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی اضافی قیمتیں ناقابل برداشت ہوچکی ہیں اور اس مہنگائی سے نجات کا واحد راستہ سلیکٹڈ، نااہل اور کٹھ پتلی حکومت کا خاتمہ ہے-