راوالپنڈی ٹیسٹ۔ جنوبی افریقہ نے ایک وکٹ پر127 رنز بنا لیے

راوالپنڈی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کی جانب سے دیے گئے 370 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایک وکٹ کے نقصان پر127 رنز بنا لیے ۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کی جانب سے پاکستان کے 370 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایڈن مکرام اور ڈین ایلگرنے میدان میں اترکرکھیل کا آغازکیا لیکن ڈین ایلگر17 رنز بنانے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی گیند پرکیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے،چوتھے روزکھیل کے اختتام پرایڈن مارکرم 59اور ڈین وین ڈوسن48 بنا کرکریز پر موجود ہیں۔


اس سے قبل پاکستان کی پوری ٹیم 298رنز بنا کرآئوٹ ہو گئی جس میں سب سے زیادہ 115رنز وکٹ کیپر محمد رضوان کا رہااور ناقابل شکست رہے جبکہ نعمان علی نے ان کا بھر پور ساتھ دیتے ہوئے 45 رنزکی اننگ کھیل کر ٹیم کو بڑی سپورٹ فراہم کی ۔ ان کے علاوہ فہیم اشرف 29 اور یاسر شاہ 23 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ، آخر میں آنے والے شاہین شاہ آفریدی صرف 4 ہی بنا سکے ۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کے عمران بٹ اورعابد علی نے دوسری اننگز کا آغازکیا تو پانچویں اوور میں ہی عمران بٹ بغیرکوئی بنائے کاگیسو ربادا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

کراچی ٹیسٹ میچ اور راولپنڈی ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں ناکامی سے دوچار ہونے والے عابد علی کچھ دیر وکٹ پر ٹھہرے اور53 گیندیں کھیل کر13 رنز بنائے مگر 28 کے مجموعی اسکور پر وہ بھی کیشو مہاراج کی گیند پر کوینٹن ڈی کوک کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم بھی جلد ہمت ہار بیٹھے اور 45 کے مجموعی اسکور پر محض آٹھ رنز بنا کر کیشو مہاراج کی گیند پرایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ قومی ٹیم کو چوتھا نقصان 63 کے مجموعی اسکور پر اس وقت اٹھانا پڑا جب قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سینئر بلے باز اظہرعلی 33 رنز بنا کر جارج لینڈے کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

کراچی ٹیسٹ میچ کے ہیرو فواد عالم بھی پروٹیزکی بائولنگ کا زیادہ دیر تک سامنا نہ کر سکے اور12 رنز بنا کر جارج لینڈے کی گیند پر ایڈن مارکرم کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ پہلی اننگز میں شاندارکھیل کا مظاہرہ کرنے والے فہیم اشرف 29رنز بنا کر جارج لینڈے کی گیند پرکیچ آوٹ ہوئے