مہنگائی کو روکنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہونگے،زبیرطفیل

کراچی(کامرس رپورٹر)سیکریٹری جنرل یونائٹیڈ بزنس گروپ اورسابق صدر ایف پی سی سی آئی زبیرطفیل نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پانے کیلئے وزیراعظم عمران خان کوہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہونگے،اشیائے خوردونوش ملک کے غریب عوام کی دسترس سے دور ہورہی ہیں اور منافع خوربے خوف وخطر غریبوں کی جیب پر ڈاکہ ڈالنے میں مصروف ہیں جن پر قابو پانے کیلئے حکومت کوبلاامتیازسخت اقدامات کرنا ہونگے۔زبیرطفیل نے کہا کہ سیاسی تنازعات نے ملکی ترقی کی رفتار کو دھیما کردیا ہے، بحیثیت قوم ہمیں ملکی معاشی خسارے پر قابو پانے کیلئے جدوجہد کرنا ہوگی اورملکی معاشی حالات بہتر بنانے کیلئے حکومت نجی شعبے کے تعاون سے اقدامات کرے۔یو بی جی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی معاشی ترقی میں اور مشکل ترین حالات میں بھی ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے اپنا کردار ادا کررہی ہے ،پاکستان میں بڑھتی ہوئی آبادی کے ساتھ ساتھ مسائل میں بھی اضافہ ہورہا ہے،غربت اوربیروزگاری بڑھ رہی ہے لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ وسائل کو استعمال کرنے کیلئے کوئی منصوبہ بندی دکھائی نہیں دے رہی۔انہوں نے کہا کہ کراچی ملکی خزانے میں تقریباً60فیصد حصہ ادا کرتا ہے لیکن کراچی کے مسائل حل ہونے کے بجائے مسلسل بڑھ رہے ہیں،سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ،سیوریج کا نقص نظام،پانی،بجلی اور گیس کی قلت سے شہر ترقی کے بجائے تنزلی کی جانب دھکیلا جارہا ہے،ضرورت اس بات کی ہے کہ ملکی معاشی حالات بہتر بنانے کیلئے بزنس کمیونٹی کو متحرک رہنا ہوگا۔