سلمان خان کی اگلی فلم میں ہیروئن کون ہے؟

بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کی نئی آنے والی فلم ’ انتم ۔ دی فائنل ٹروتھ (Antim:The Final Truth)‘میں اداکارہ پرگیا جیسوال اُن کی ہیروئن ہوں گی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان ان دنوں اپنی نئی آنے والی فلم ’انتم ۔ دی فائنل ٹروتھ‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ اس فلم کو ہدایت کار مہیش مانجریکر ڈائریکٹ کررہے ہیں۔ فلم میں سلمان خان کے مدمقابل ساؤتھ فلموں کی اداکارہ پرگیا جیسوال نظر آئیں گی۔

بالی ووڈ کے سپر اسٹار اداکار سلمان خان اکثر نئے ٹیلنٹ کو موقع دیتے رہتے ہیں۔ سلمان خان اب تک انڈسٹری میں کئی نئے چہروں کو لانچ کرچکے ہیں، جن میں فلم ’لکی‘ کی ہیروئن سنہا الاس سے لے کر سائی مانجریکر تک کا نام شامل ہے۔ اب اس فہرست میں ایک اور نام جڑگیا ہے اور یہ نام پرگیا جیسوال کا ہے۔

فلم انتم میں پرگیا جیسوال سلمان خان کے ساتھ رومانس کرتی نظر آئیں گی۔ انڈسٹری میں پرگیا جیسوال کا چہرہ نیا نہیں ہے، وہ کئی ٹالی ووڈ فلموں کا حصہ رہ چکی ہیں اور اس فلم کے ذریعے اب وہ بالی ووڈ میں قدم رکھنے جارہی ہیں
میڈیا رپورٹس کا کہنا ہے کہ پرگیا اس سےقبل ماڈلنگ کی دنیا میں بھی سرگرم تھیں۔ انہوں نے 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم ’دیگا‘ سے ڈیبیو کیا تھا، جس کے بعد وہ 2015 میں آنے والی ایک تیلگو فلم کا بھی حصہ تھیں۔ اپنی بہترین اداکاری کی وجہ سے پرگیا اب تک کئی ایوارڈز بھی اپنے نام کرچکی ہیں۔

پرگیا نے پونے یونیورسٹی سے اپنی تعلیم حاصل کی ہے اور اسی دوران انہوں نے بیوٹی پیجنٹ میں بھی حصہ لیا تھا، جس کے بعد انہوں نے ماڈلنگ کی دنیا میں قدم رکھا۔

فلم انتم میں سلمان خان ایک بار پھر پولیس والے کا کردار ادا کرتے نظر آنے والے ہیں۔ فلم میں سلمان خان کے ساتھ ان کے بہنوئی آیوش شرما بھی نظر آئیں گے۔

اس کے علاوہ فلم کی کاسٹ میں ٹی وی اداکارہ مہما مکوانا بھی شامل ہیں