محکمہ خزانہ نے سندھ کے 57 منتخب سرکاری کالجوں میں ماڈل ڈیجیٹلز لائبریریوں کے قیام کیلئے مختص13 کروڑ56 لاکھ 60ہزار روپے میں سے6 کروڑ78 لاکھ 30ہزار روپے کی قسط جاری کردی

محکمہ کالج ایجوکیشن نے کراچی کے شہری علاقوں کے مقبول اور زائد انرولمنٹ کے حامل کالجوں کو نظر انداز کرکے صوبہ بھر کے 57 کالجز کو ماڈل ڈیجٹلائز لائبریری قرار دے کر خطیر رقم جاری کردی ہے، کراچی کے شہری علاقوں کے مقبول ترین اور زائد انرولمنٹ کے حامل کالجز کو نظر انداز کرکے ان 10 کالجوں کو ڈیجیٹل لائبریریز کے لئے رقم دی گئی جن کا زیادہ تر تعلق دیہی کراچی سے بنتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ خزانہ نے سندھ کے 57 منتخب سرکاری کالجوں میں ماڈل ڈیجیٹلز لائبریریوں کے قیام کیلئے مختص13 کروڑ56 لاکھ 60ہزار روپے میں سے6 کروڑ78 لاکھ 30ہزار روپے کی قسط جاری کردی ہے، محکمہ کالجز سندھ کی جانب سے سندھ کے 300 سرکاری کالجز میں سے 57 منتخب کالجز کو ماڈل ڈیجیٹل لائبریریز کے قیام کیلئے مختص13 کروڑ56 لاکھ60 ہزار روپوں میں سے 6 کروڑ78 لاکھ 30 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری دیدی۔ ”ماڈل ڈیجیٹلائز لائبریریز“ کے قیام کیلئے کراچی کے کل 147 سرکاری کالجز میں زیر تعلیم ڈھائی لاکھ طلبا و طالبات کیلئے صرف 12 اور

اندرون ِسندھ کے 152 کالجز میں زیرتعلیم دو لاکھ طللبا کیلئے 45 سرکاری کالجوں کو منتخب کیا گیا ہے، جنہیں فی کالج مختص 23 لاکھ 80 ہزار روپوں میں سے 11 لاکھ 90 ہزار روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ کراچی کے جن 12 کالجز کو منتخب کیا گیا ہے ان میں گورنمنٹ پریمیئر کالج نمبر1 ، گورنمنٹ نیشنل کالج نمبر1 ، گورنمنٹ ڈگری سائنس کالج لانڈھی کورنگی، گورنمنٹ ڈگری سائنس اینڈ کامرس کالج اورنگی ٹائون، گورنمنٹ ڈگری کالج میمن گوٹھ ملیر، گورنمنٹ کالج فار وومن شاہراہ لیاقت، خورشید گورنمنٹ گرلز کالج، خاتون ِپاکستان گورنمنٹ کالج، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج میٹروول سائٹ، شہید ملّت گرلز کالج، گورنمنٹ ڈگری کالج فار وومن ابراہیم حیدری اور نصرت بھٹو بوائز کالج لیاری شامل ہیں۔ کراچی کے جن کالجز کو منتخب کیا گیا ہے ان میں بیشتر کالج مضافاتی علاقوں میں واقع ہیں جن میں طلبا و طالبات کی تعداد انتہائی قلیل بتائی جاتی ہے جبکہ کراچی کے دس مقبول ترین کالجز کو جن میں طلبا و طالبات کی کثیر تعداد زیر ِتعلیم ہے ”ماڈل ڈیجیٹل لائبریریز“ کے قیام کے سلسلے میں نظرانداز کردیا گیا۔
———————
https://jang.com.pk/news/879547?_ga=2.88656479.516467264.1612172732-1656291116.1612172732