راج کپور آبائی حویلی، مالک نے ڈیڑھ کروڑ میںفروخت کرنے سے انکار کردیا

پشاور ( ارشد عزیز ملک ) بھارتی فلم نگری کے لیجنڈ اداکارراج کپور کے آبائی گھر کے مالک نے ڈیڑھ کروڑ روپےمیں مکان فروخت کرنے سے انکار کردیا اور حکومت سے2 ارب روپے کا مطالبہ کیاہے ۔

خیبرپختونخوا حکومت نے دلیپ کمار اورراج کپور کے پشاور میں واقع آبائی گھروں کو خرید کر میوزیم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ضلعی انتظامیہ نے پشاور کے علاقے محلہ خدا داد میں واقع دلیپ کمار اور ڈھکی نعلبندی میں راج کمار کے آبائی گھر وںکو خریدنے کے لیے سیکشن 4نافذ کررکھا ہے ۔

حکومت نے راج کپور کے مکان کی مجموعی قیمت ایک کروڑ پچاس لاکھ 989 روپے مقرر کی ہے ۔

منگل کو ڈپٹی کمشنر کو دونوں مکانات کی خریداری کے لئے 24ملین روپے کی رقم جاری کر دی گئی ہے،مالک مکان حاجی علی قادر نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئےمکان کی قیمت ڈیڑھ کروڑ مقررکرنے کافیصلہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ڈھکی نعل بندی میں ڈیڑھ کروڑ میں نصف مرلہ زمین نہیں ملتی اور حکومت ہمیں چھ مرلے کے مکان کی ڈیڑھ کروڑ روپے قیمت دے رہی ہے، قدیم اورتاریخی گھر کے حوالے سے حکومتی رویہ مذاق ہے ۔

انھوں نے کہا کہ ان کے والد حاجی خوشحال نے1965میں سرکاری نیلامی کے ذریعے گھر خریدا تھا جس کی پانچ منزلیں ہیں لہذا حکومت اس تاریخی گھر کو خریدنے کے لئے کم ازکم دو ارب روپے ادا کرے تب ہی گھر فروخت کریں گے، جب ہمارے والد نےگھر خریدا تھا اس وقت سونا فی تولہ 50روپے تھا گھر میں دیار کی قیمتی لکڑی نصب ہے

اس کے قریب نصف مرلے سے بھی کم اراضی کا ٹکڑا تقریبا ڈیڑھ کروڑ میں فروخت ہوا ہے جس کی عمارت نہایت خستہ تھی اور ناقابل استعمال تھی ، حکومت نے ابھی تک کوئی باضابطہ رابطہ نہیں کیا تاہم میڈیا سے انھیں خبریں مل رہی ہیں۔

خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر آثار قدیمہ اینڈ میوزیم عبدالصمد نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ڈی سی ریٹ کے مطابق ہی مکان کی قیمت کا تعین کیا ہے کیونکہ اس علاقے میں ڈی سی ریٹ پر ہی خریدوفروخت ہورہی ہے ۔حکومت کے پاس کئی سالوں کے انتقالات کا ریکارڈ موجود ہے جس میں فی مرلہ قیمت درج ہے ۔

حکومت اس ریٹ سے زائد قیمت ادا نہیں کرسکتی البتہ اگر مالک کو قیمت پر اعتراض ہے تو وہ ڈپٹی کمشنر کو درخواست جمع کراسکتا ہے جس کے لئے لینڈ ایکوزیشن کے تحت قیمت میں مناسب اضافہ کیا جاسکتا ہے ،خیبرپختونخوا حکومت نے راج کپور کے گھر کی اراضی کی قیمت ایک کروڑ 15 لاکھ 27 ہزار 709 روپے اور سی اینڈ ڈبلیو بلڈنگ ڈویژن کی طر ف سےڈھانچے کی قیمت 34 لاکھ 73 ہزار280 روپے مقرر کی گئی تھی یوں راج کپور کے گھر کی مجموعی قیمت ایک کروڑ پچاس لاکھ 989 روپے مقرر کی گئی ہے۔

دلیپ کمار کے گھر کی اراضی کی قیمت 72لاکھ 80ہزار 658 روپے مقرر کی تھی جبکہ سی اینڈ ڈبلیو کے بلڈنگ ڈویژن کی طر ف سے دلیپ کمار کے گھر کے ڈھانچے کی قیمت سات لاکھ 76 .ہزار 38 مقرر کی گئی تھی اسی طرح دلیپ کمار کے چار مرلہ گھر کی مجموعی قیمت 80 لاکھ 56 ہزار 696 م روپےمقرر کی گئی ہے تاہم اس گھر کے مالک سے رابطہ نہیں ہوسکا ۔

محکمہ آثار قدیمہ نے گھروں کی ْخریداری کیلئے فنڈز کے لئے کیس سیکرٹری کھیل ثقافت و آثار قدیمہ کو بھجوایا تھا صوبائی حکومت نے مجوزہ گھر کی خریداری کے لئے فنڈز کی منظوری دیکر فنڈز محکمہ آثار قدیمہ کو بھجوادئیے ہیں جو منگل کو ڈپٹی کمشنر پشاور کو ریلیز کردئیے گئے ہیں۔

راج کپور کی پیدائش پشاور کے علاقہ ڈھکی نعلبندی میں ہندو خاندان میں 1924 میں ہوئی تھی، دونوں تاریخی گھروں کو خریدنے کے بعد دو سرے مرحلے میں گھروں کی مرمت اور ان کی اصلی حالت میں بحالی کا کام ہوگا اور آخری مرحلے میں بحالی پلان کے تحت گھروں کو میوزیم میں تبدیل کیا جائے گا ۔

jang-report—-
https://jang.com.pk/news/877522?_ga=2.46152160.619231307.1611732772-428769718.1611732772