گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے مسئلے پر حکومت سندھ صنعت کاروں کے ساتھ ہے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو

ہم وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر صنعت کاروں کے مسائل حل کرے۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت

کراچی۔ 26 جنوری۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے مسئلے پر حکومت سندھ صنعت کاروں کے ساتھ کھڑی ہے اور اگر صنعت کار وفاقی حکومت کے خلاف احتجاج کرتے ہیں تو سندھ کابینہ کے وزراء پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر صنعت کاروں کے ساتھ احتجاج میں شریک ہوں گے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر صنعت کاروں کے جائز مسائل فوری طور پر حل کرے تاکہ صنعتوں کا پہیہ چلتا رہے اور غریبوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے نہ ہوں۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ وفاقی حکومت کی نااہلی اور ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے آج یہ دن دیکھنے پڑ رہے ہیں کہ معاشرے کا ہر طبقہ مہنگائی، بیروزگاری اور گیس و بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باعث احتجاج کرنے پر مجبور ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے درخواست کی کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور عوام پر رحم کرتے ہوئے مہنگائی اور گیس و بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر قابو پائے۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ سندھ حکومت کی ہر ممکن کوشش ہے کہ صوبے میں صنعتی ترقی ہو لیکن وفاقی حکومت کی بے حسی کے باعث دن بدن صنعت کاروں کے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے جو تشویشناک بات ہے۔