پس پردہ موسیقار علی مردان شاہ کی وفاداری تبدیل نہیں کراسکے

کراچی (نامہ نگار خصوصی )سندھ اسمبلی کا اجلاس پیر کو اسپیکر آغا سراج درانی کی صدارت میں پونے دو گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔ایوان کی کارروائی کے آغاز میںکراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان کی والدہ کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔اجلاس میں ملک اور پاک فوج کی سلامتی کے لئے دعا کے علاوہ کرونا کے مہلک مرض میں مبتلامریضوں کی جلدصحت یابی کی دعا بھی مانگی گئی۔تحریک لبیک پاکستان کے رکن مفتی قاسم فخری نے علامہ خادم حسین رضوی کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی درخواست بھی کی۔

کراچی (نامہ نگار خصوصی )نو منتخب رکن سندھ اسمبلی سید امیر علی شاہ نے پیر کو اپنی رکنیت کا حلف لینے کے بعدایوان میں اپنے پہلے خطاب سے قبل بارگاہ رسالت مآب میں نذرانہ عقیدت پیش کرنے کے لئے بڑی خوش الحانی کے ساتھ نعت رسول مقبول پیش کی۔ان کا کہنا تھا کہ میرے والد کی خواہش تھی کہ اپنی تقریر سے پہلے نعت ایوان میں پڑھوں ۔

کراچی (نامہ نگار خصوصی )پیپلزپارٹی کے نو منتخب رکن سندھ اسمبلی امیر علی شاہ نے پیر کواسمبلی کی رکنیت کا حلف ا±ٹھا لیا ،اسپیکر آغا سراج درانی نے امیر علی شاہ سے حلف لیا۔امیر علی شاہ نے سندھی زبان میں حلف لیا۔حلف برداری کے موقع پرانہوںنے سندھی اجرک پہنی ہوئی تھی جس پر پر جئے بھٹو تحریر تھا۔امیر علی شاہ نے جیسے ہی حلف اٹھانا شروع کیا سندھ اسمبلی کا ایوان جئے بھٹو کے نعروں سے گونج اٹھا۔بعدازاں انہیں ایوان کے دیگر اراکین نے مبارکباد پیش کی ۔وزیراعلیٰ سندھ سیدمرادعلی شاہ نے امیر علی شاہ کو مبارکباد پیش کرتے عل ہوئے کہا کہ علی مردان شاہ مرحوم ہمیشہ پیپلزپارٹی کےوفادار رہے آج انکا بیٹا امیرعلی شاہ الیکشن جیت کر اسمبلی پہنچا ہے پیپلزپارٹی عوام کی خدمت کرتی رہے گی دو ضمنی الیکشن ابھی اور ہونے ہیں ان میں بھی پیپلز پارٹی جیتے گی ،انشااللہ سانگھڑ اور ملیر ضمنی الیکشن میں کامیابی کے بعد اسی ایوان میں ہم ایک مرتبہ پھرمبارکباد دے رہے ہوں گے۔وزیر اعلیٰ کے تہنیتی خطاب سے قبل پیپلز پارٹی کے رکن ممتاز جاکھرانی نے پی پی کے سیاسی مخالفین کے لئے لعنت کا لفظ استعمال کیا جس پر اپوزیشن ارکان نے ایوان میں احتجاج اور اور شور شرابہ کیا ۔ممتاز جاکھرانی نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ لعنت ہو ایسے شخص پر جو الیکشن میں کامیابی کے لئے سہارے مانگ رہاتھا لیکن امیر علی شاہ نے بھاری اکثریت سے سابق وزیراعلیٰ کو شکست دی ۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر سید سردار شاہ نے کہا کہ ملک کے پس پردہ موسیقار علی مردان شاہ کی وفاداری تبدیل نہیں کراسکے ،الیکشن ہارنے پر اب ارباب رحیم وزیراعظم اور شاہ محمود قریشی سے خفا ہیں۔صوبائی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی تیمور تالپور نے کہا کہ سندھ پیپلزپارٹی کا قلعہ تھا ہے اور ہمیشہ رہے گاارباب غلام رحیم عمرکوٹ سے مسلسل شکست کھارہے ہیں اب ان کے لئے ہمارا مشورہ ہے کہ وہ آئندہ بھارت جاکر وہاں سے الیکشن لڑیں۔پیپلزپارٹی کے رکن ذوالفقار شاہ نے کہا کہ ایک جیالے نے سابق وزیراعلیٰ کو شکست دی ہے اورپی ٹی آئی کو اب سندھ میں امیدوار نہیں مل رہے ہیں۔صوبائی وزیر معدنیات شبیر بجارانی نے امیر علی شاہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ
جنہوں نے الیکشن مہم میں مدد کی ان سب کو مبارکباد دیتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ عمر کوٹ میں جس اکثریت سے کامیابی ملی یہ پیپلز پارٹی اور شہید بے نظیر بھٹو کی کامیابی ہے۔مردان شاہ نے ہمیشہ عمر کوٹ کے عوام کے لیے آواز اٹھائی۔پیپلز پارٹی کے امداد پتافی نے کہا کہ مردان شاہ نے عوام کی خدمت کی جس پرعوام نے ان سے وفا کی۔انہوں نے کہا کہ مردان شاہ اپنے ہر ووٹرز کو نام سے یاد رکھتے تھے۔انہوں نے عوام کی بہت خدمت کی۔وہ ہمیشہ شفقت سے پیش آتے تھے۔صوبائی وزیر تونائی امتیاز شیخ نے کہا کہ غلام ارباب رحیم نے وزیر اعظم کو اپنی شکست کا الزام دیاہے جس پرہمیں تو حیرت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پر عوام نے اعتماد کیا ہے۔انشاء اللہ آئندہ بھی یہ خاندان عوام خدمت کرے گا اور پی پی کے امیدوار اس بھی زیادہ اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔نومنتخب رکن اسمبلی امیر علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سب سے پہلے اللہ کا مشکور ہوںجس نے مجھ ناچیز پر کرم کیا پھرپیپلز پارٹی اور اس کی قیادت کا مشکور ہوںجنہوں نے مجھے ٹکٹ دیا۔انہوں نے کہا کہ میںعمر کوٹ کے عوام کا بھی مشکور ہوں۔انہوں نے مجھے کامیابی دلائی۔امیر علی شاہ نے کہا کہ میرے والے صرف میرے باپ ہی نہیں بلکہ اچھے دوست اور استاد بھی تھے جنہوں نے وفات سے ایک رات قبل وصیت کی تھی کہ پارٹی اور بلاول کے ساتھ ثابت قدم رہنا۔ انہوں نے کہا کہ میںپی ایس 52 کے عوام سے وعدہ کرتا ہوںاپنی زندگی میں ہر دن ہر وقت پیپلز پارٹی سے وفادار رہوں گا۔میرے لیے آج فخر کی بات ہے کہ میں اپنے والد کی نشست پر بیٹھا ہوں۔ واضح رہے کہ امیر علی شاہ نے حالیہ ضمنی انتخاب میںسابق وزیر اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم کو شکست دی ہے۔امیر علی شاہ کے حلف اٹھانے کے بعد سندھ اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے ارکان کی تعداد 97 ہوگئی ہے۔امیر علی شاہ کے خطاب کے بعد اسپیکر آغا سراج درانی نے سندھ اسمبلی کا اجلاس برخاست کرنے کا علان کردیا۔