سندھ ایچ ای سی کو وزیراعلیٰ کا مکمل تعاون حاصل، خوش اسلوبی سے امور ادا ہورہے ہیں، ڈاکٹر عاصم

سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے کہ کمیشن کو وزیراعلیٰ سندھ اور دیگر حکام کا مکمل تعاون اور مدد حاصل ہے اس لئے تمام معاملات و دیگر امور خوش اسلوبی سے ادا ہورہے ہیں ۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کمیشن کو مزید بہتر بنانے ، افادیت کو اُجاگر کرنے،

مطلوبہ نتائج حاصل کرنے اور جس عظیم مقصد کیلئے کمیشن قائم کیا گیا اسے اغراض و مقاصد کے تحت فعال کرنے کے حوالے سے اقدامات کئے جارہےہیں ، میں اپنے عہدے کی تنخواہ نہیں لیتا تو مراعات کی واپسی کی کوئی بات ہی نہیں۔ ڈاکٹر عاصم نے مزید کہا کہ کمیشن تمام معاملات و دیگر امور کو احسن طریقے سے انجام دے رہا ہے نیز محکمہ یونیورسٹیزاینڈ بورڈز بھی جلد ہی اپنا دفتر منتقل کر رہا ہے، حکومت سندھ کے تعاون سے مثبت کردار ادا کیا جا رہا ہے اور سرکاری ذمہ داریاں اور فرائض خوش اسلوبی سے ادا کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ اور دیگر حکام کی جانب سے مجھے اور کمیشن کو مکمل

تعاون اور مدد حاصل ہے اور تمام امور کو وقت پر نمٹایا جاتا ہے ، دفتری معاملات میں دیر سویر تو ہوجاتی ہے لیکن مجموعی طور پر کمیشن کا کام صحیح خطوط پر گامزن ہے
—————————————

سندھ ہائی کورٹ نے سی ایس ایس 2021 کے امتحانات کوٹہ سسٹم کے تحت لینے کیخلاف درخواست پر وفاقی سیکرٹری قانون، چیئرمین ایچ ای سی اور وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو نوٹس جاری کردیئے۔ جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کے روبرو سی ایس ایس2021 کے امتحانات میں کوٹہ سسٹم کے تحت لینے کیخلاف طارق منصور ایڈووکیٹ کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار نے موقف دیا کہ وفاقی حکومت نے سی ایس ایس2021 کے امتحانات کوٹہ سسٹم کے تحت لینے کا نوٹیفکیشن اگست 2019 میں جاری کیا تھا۔ کوٹہ سسٹم آئین کے آرٹیکل 27 ایک کے تحت چالیس سال مدت پوری ہونے پر ختم ہوچکا ہے۔