حسن علی آفندی کے پوتے زین آفندی کے قاتلوں کو ملازم نے شناخت کر لیا

کراچی میں حسن علی آفندی کے پوتے زین آفندی کے ملازم نے قاتلوں کو شناخت کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ زین آفندی کے قاتلوں کا گروہ افغان باشندوں پر مشتمل ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ افغان باشندوں کا ڈکیت گروہ کچرا چننے کی آڑ میں ہدف ڈھونڈتا تھا۔ ملزمان میں فیضان قیصر، محمد آغا، گل محمد، عمران اور رحمت اللہ شامل ہیں۔


پولیس حکام نے بتایا کہ ملزمان کچرا چننے کی آڑ میں ریکی کرتے تھے۔ زین آفندی کے قتل میں ملزمان کی جانب سے نیا اسلحہ استعمال کرنے کا انکشاف ہوا تھا۔ جس کے بعد پولیس کی جانب سے ملزمان کو اسلحہ فراہم کرنے والے ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ ملزمان کو مزید تحقیقات کے لیے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے حوالے کر دیا گیا ۔
یاد رہے کہ 6 جنوری کو سندھ مدرسۃ الاسلام کے بانی حسن علی آفندی کے پوتے کو صبح 3 بج کر 25 منٹ پر 5 ملزمان نے مزار قائد کے سامنے واقع گھر میں گھس کر گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا، قاتلوں نے ان کے چہرے پر 3 گولیاں ماری تھیں، اور وہ 55 منٹ تک گھر میں موجود رہے، پولیس حکام نے بتایا تھا کہ ملزمان سفید رنگ کی کرولا گاڑی میں آئے تھے اور انہوں نے ملازم کو رسیوں سے باندھ دیا تھا۔

قتل کا مقدمہ زین آفندی کی اہلیہ انیقہ زین کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ یاد رہے کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے زین آفندی قتل کیس کی تحقیقات کے لیے ایس ایس پی ایسٹ ساجد امیر سدوزئی کی سربراہی میں 6 رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ بعد ازاں 14 جنوری کو زین آفندی قتل کیس میں پولیس نے مرکزی ملزم سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کیا، پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے منگھو پیر، ناظم آباد اور محمود آباد سمیت مختلف علاقوں میں چھاپے مارے تھے۔

https://www.urdupoint.com/daily/livenews/2021-01-19/news-2706946.html