اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ کی دلچسپ لو اسٹوری

بالی ووڈ کے کھلاڑی اداکار اکشے کمار اوراُن کی اہلیہ سابقہ اداکارہ و مصنفہ ٹوئنکل کھنہ کی لو اسٹوری کافی الگ اور دلچسپ ہے۔ اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ کے دو بچے ہیں، ایک 17سال کا بیٹا آرو اور ایک 7سال کی بیٹی نتارا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ بالی ووڈ فلم انڈسٹری کی سب سے مشہور اور کامیاب ترین جوڑیوں میں سے ایک ہیں۔ ان دونوں کی شادی جنوری 2001 میں ہوئی تھی، ہر سال دونوں اپنی کامیاب شادی شدہ زندگی کی سالگرہ بھرپور انداز سے مناتے ہیں
گزشتہ روز 17 جنوری کو اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ کی شادی کی 20 ویں سالگرہ تھی، اس موقع پر دونوں نے ایک دوسرے کو شادی کی سالگرہ کی مبارک باد دی۔ اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ کی لو اسٹوری سے لے کر اُن کی شادی کے فیصلے تک کی کہانی کافی مختلف اور دلچسپ ہے
سابقہ اداکارہ و مصنفہ ٹوئنکل کھنہ نے مشہور بھارتی شو ’کافی ود کرن‘ میں بطور مہمان شرکت کی، جس میں میزبان کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اکشے کمار اوراُن کی پہلی ملاقات ایک میگزین کے فوٹو شوٹ کے دوران ہوئی تھی اور پہلی ہی ملاقات میں اکشے کمار، اُن کو (ٹوئنکل کھنہ کو) اپنا دل دے بیٹھے تھے۔

پہلی ملاقات کے چند روز بعد ہی اکشے کمار نے ٹوئنکل کھنہ سے اپنے پیار کا اظہار کردیا جس کے بعد دونوں نے ایک ددوسرے کو ڈیٹ کرنا شروع کردیا لیکن تب تک دونوں ایک دوسرے کو لے کر اتنے سیریس نہیں تھے۔

فلم ’انٹرنیشنل کھلاڑی‘ کی شوٹنگ کے دوران دونوں کو اپنے پیار کا احساس ہوا، جس کے بعد دونوں نے ایک دوسرے سے شادی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ٹوئنکل کھنہ نے اپنی ماں ڈمپل کپاڈیا سے اس بارے میں بات کی۔ ان کی شادی سے قبل ایک اور خاص بات یہ ہوئی کہ شادی سے قبل دونوں کی کنڈلی نہیں ملی
اس کے بعد ٹوئنکل کھنہ نے اکشے کمار کا میڈیکل ٹیسٹ کروایا اور وہ جمع کروایا، یعنی ٹوئنکل کھنہ نے کنڈلی نہیں بلکہ میڈیکل ٹیسٹ کی بنیاد پر اکشے کمار سے شادی کا فیصلہ کیا تھا۔ اکشے کمار کو شادی کے بعد یہ بات معلوم ہوئی کہ ٹوئنکل کھنہ نےاپنے رشتہ داروں میں بھی اُن کی میڈیکل ہسٹری جمع کروائی تھی۔

صرف یہی نہیں بلکہ ٹوئنکل کھنہ نے خود بھی اکشے کمار سے اُن کی ہیلتھ سے متعلق سارے سوال کیے تھے۔ اکشے کمار پہلے تو ٹوئنکل کھنہ کی ان سب باتوں سے کافی حیران ہوئے لیکن بعد میں انہیں احساس ہوا کہ ٹوئنکل کھنہ صحیح تھیں