علیم ڈار اور احسن رضا جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں امپائرنگ کرینگے

پاکستان اور جنوبی افریقا کے مابین دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا ہے۔

اعلان کردہ پینل میں شامل دونوں آن فیلڈ امپائرز علیم ڈار اور احسن رضا پہلی مرتبہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر کسی ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ میچ ریفری جاوید ملک بھی پہلی مرتبہ ٹیسٹ فارمیٹ میں میچ ریفری کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

دونوں ٹیموں کے مابین ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 26 جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل علیم ڈار اب تک 132 ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کرچکے ہیں۔ انہوں نے 2003 میں ڈھاکہ میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں پہلی مرتبہ کسی ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کی تھی جبکہ انٹرنیشنل پینل میں شامل احسن رضا اب تک 37 ایک روزہ انٹرنیشنل اور 57 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اور آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف ریفریز کے رکن جاوید ملک اب تک 10 ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں اور چھ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں ریفری کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کرچکے ہیں۔دونوں ٹیموں کے مابین دونوں ٹیسٹ میچوں میں تھرڈ اور فورتھ امپائر کے فرائض آصف یعقوب اور راشد ریاض انجام دیں گے
سیریز میں شامل دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 4 فروری کوپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں شروع ہوگا۔

آئی سی سی کے ہر طرز کی کرکٹ سے متعلق عبوری ضوابط کے مطابق حالیہ لاجسٹک چیلنجز کی وجہ سے ٹیسٹ میچ میں تیسرے ملک کے میچ آفیشل کی تقرری سے متعلق شرط ختم ہوچکی ہے، تاہم آئی سی سی اب بھی اپنے ایلیٹ اور انٹرنیشنل پینل میں موجود آفیشلز کی ہی تقرری کررہا ہے۔

دونوں ممالک کے لیے تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں بھی پلیئنگ کنٹرول ٹیم کے سربراہ میچ ریفری جاوید ملک ہی ہوں گے۔ علیم ڈار اور احسن رضا یہاں بھی پہلے میچ میں آن فیلڈ امپائرز کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کریں گے جبکہ شوزب رضا ٹی وی امپائر اور آصف یعقوب فورتھ امپائر ہوں گے۔

دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کے لیے شوزب رضا اور آصف یعقوب کوآن فیلڈ امپائرز جبکہ احسن رضااور راشد ریاض کو بالترتیب تھرڈ اور فورتھ امپائر ز مقرر کیا گیا ہے۔آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کے لیے علیم ڈار اور راشد ریاض کی بطور آن فیلڈ امپائرز جبکہ احسن رضا اور شوزب رضا کی بالترتیب تھرڈ اور فورتھ امپائرز تقرری کی گئی ہے