حکومت کا نعیم بخاری کو چئیرمین پی ٹی وی کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ

حکومت کا نعیم بخاری کو چئیرمین پی ٹی وی کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے نعیم بخاری کی بطور چئیرمین پی ٹی وی تعیناتی کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ وفاقی حکومت نے نعیم بخاری کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا جس کے بعد وفاقی کابینہ نے فیصلے کی منظوری دے دی۔
نعیم بخاری کی تعیناتی کا فیصلہ واپس لینے کے بعد عامر منظور کو دوبارہ چئیرمین پی ٹی وی تعینات کر دیا گیا ہے۔ وفاقی کابینہ سے سرکولیشن سمری کے ذریعے دونوں فیصلوں کی منظوری لی گئی۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد نعیم بخاری کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی وی نعیم بخاری کو کام سے روکتے ہوئے معاملہ وفاقی کابینہ کو بھجوا دیا تھا۔
نعیم بخاری کی بطور چیئرمین پی ٹی وی تعیناتی کیخلاف دائر درخواست پر سماعت کے دوران عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ وزارت اطلاعات چیئرمین پی ٹی وی کی تقرری کی مجاز نہیں ہے۔ چئیرمین تنخواہ لیں یا نہ لیں وہ الگ بات ہے لیکن سپریم کورٹ نے واضح لکھا ہے کہ وفاقی حکومت کسی کو چیئرمین نہیں بنا سکتی۔ نعیم بخاری صاحب ہمارے لیے قابل احترام ہیں تاہم کوئی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی وی نعیم بخاری کو کام سے روکتے ہوئے کہا کہ ہم یہ معاملہ وفاقی کابینہ کو بھیج رہے ہیں۔ وفاقی کابینہ کو ہدایت کی گئی کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق دیکھا جائے۔ واضح رہے کہ نعیم بخاری کو چند روز قبل ہی سرکاری نشریاتی ادارے پی ٹی وی کا چئیرمین تعینات کیا گیا تھا، جس کے بعد انہوں نے ادارے میں اصلاحات کا عمل شروع کیا۔ تاہم عدالت میں ان کیخلاف دائر درخواست کے بعد اب انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

https://www.urdupoint.com/daily/livenews/2021-01-15/news-2704619.html