بیوی کو قتل کرنے کے بعد دو سے تین روز لاش گھر میں رکھی اور لاش کے ساتھ ہی سویا، پھر بیٹی کو بھی قتل کر دیا۔ ملزم کا اعتراف

راولپنڈی میں پولیس نے بیوی اور بیٹی کو قتل کرنے والے سرکاری افسر کو گرفتار کیا تھا جس کے بعد اب ملزم نے پولیس کو ریکارڈ کروائے گئے بیان میں دل دہلا دینے والے انکشافات کیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گریڈ 17 کے وفاقی ملازم مجاہد علی نے دوران تفتیش پولیس کے سامنے اپنی بیوی اور اٹھارہ ماہ کی بیٹی کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا۔
کیس سے متعلق ایک سینئیر پولیس افسر نے ایکسپریس ٹربیون کو بتایا کہ مجاہد علی نے اپنی بیوی اور بیٹی کو مبینہ طور پر دوسری شادی کرنے کے لیے موت کے گھاٹ اُتارا۔ ملزم نے دوران تفتیش پولیس کو بیان دیتے ہوئے اپنے گھناؤنے جُرم کا اعتراف کیا اور بتایا کہ اُس نے اپنی بیوی کو قتل کرنے کے بعد دو سے تین دن تک اُس کی لاش بستر پر رکھی۔
ملزم نے بتایا کہ وہ دو سے تین روز تک اپنی بیوی کی لاش کے ساتھ اپنی بیٹی کے ہمراہ سوتا رہا ، لیکن بعد ازاں اُس نے اپنی بیٹی کو بھی موت کے گھاٹ اُتار دیا۔

ملزم نے بتایا کہ جب لاشوں کا تعفن ناقابل برداشت ہوا تو میرے اہل خانہ نے مجھے لاشوں کی تدفین کرنے پر مجبور کرنا شروع کر دیا۔ مجاہد علی نے سب کے سامنے ڈرامہ رچایا کہ میری بیوی اور بیٹی کی گیس لیکیج کی وجہ سے دم گھٹنے کے باعث موت واقع ہوئی۔ گرفتاری سے بچنے کے لیے ملزم نے خود کو کورونا وائرس کا شکار ظاہر کر کے اسپتال میں داخل کروالیا۔
پولیس نے اس ضمن میں ملزم سے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے جبکہ ملزم کو جسمانی ریمانڈ کے لیے عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ نصیر آباد تھانے میں مقتولہ حنا کے والد کی مدعیت میں مجاہد علی کے خلاف قتل کا مقدمہ بھی درج کیا جا چکا ہے۔ مقتولہ کے والد نے اپنے بیان میں بتایا تھا کہ میری بیٹی حنا اشفاق کی شادی 4 سال قبل مجاہد نامی شخص سے ہوئی اوران کی ڈیڑھ سالہ نواسی عنائیہ تھی۔
انہوں نے کہا کہ اتوارکے دن سے بیٹی سے رابطہ نہیں ہورہا تھا۔ جس پر مجھے تشویش ہوئی اور تشویش ہونے پر میں بیٹی کے گھرگیا تودیکھا کہ داماد محلے داروں کے ساتھ باہر کھڑا تھا۔ مقتولہ کے والد نے کہا کہ جب میں بیٹی کے گھرکے اندرگیا توبیٹی کی خستہ حال لاش اورملحقہ کمرے میں نواسی کی لاش پڑی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے والد کے بیان پر جب جائے وقوعہ پر پہنچے تو حنا کی لاش کا سر بیڈ پر جبکہ ٹانگیں بیڈ سے نیچے لٹک رہی تھی۔
لاش کا معائنہ کیا گیا تو حنا کے بازو اور ٹانگوں پر تشدد کے نشانات بھی پائے گئے جبکہ کافی دنوں تک گھر میں رہنے کی وجہ سے لاش کالی ہو چکی تھی۔ ملزم کی بیٹی کی لاش دوسرے کمرے میں بیڈ پر پڑی تھی جسے دیکھ کر ملزم کا جھوٹ بے نقاب ہو گیا اور مجاہد علی کو حراست میں لے لیا گیا تھا

https://www.urdupoint.com/daily/livenews/2021-01-15/news-2703755.html