صوبائی حکومت ٹریفک کی روانی کیلے سڑکوں کی مرمت اور شہریوں کو آوارہ کتوں سے نجات دلانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے

صوبائی حکومت ٹریفک کی روانی کیلے سڑکوں کی مرمت اور شہریوں کو آوارہ کتوں سے نجات دلانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔ڈسٹرکٹ سینٹرل کو ماڈل ڈسٹرکٹ بنانے کا دعویٰ خواب لگ رہا ہے-ڈسٹرکٹ سینٹرل کی مرکزی شاہراہوں پر ابلتے گٹر وں کا پانی بہہ رہا ہے اور انتظامیہ چین کی بانسری بجا رہی ہے – کوکب اقبال، چیئرمین کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان

kokab iqbal chairman consumer association
کراچی( )صارفین کی نمائندہ تنظیم کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین کوکب اقبا ل نے کہا ہے کہ شہر کراچی کی عوام ابلتے گٹروں اور ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کی وجہ سے انتہائی کوفت و تکلیف میں زندگی گزار رہے ہیں اس پر سونے پر سہاگہ شہر کے گلی کوچوں میں آوارہ کتوں نے شہریوں کی زندگی کو مزید اجیرن بنا دیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ڈپٹی کمشنر سینٹرل ، ڈسٹرکٹ سینٹرل کے ایڈمنسٹریٹر راجہ دھارجو اور میونسپل کمشنر سمیراحسین کو لاتعداد مرتبہ اس کی طرف توجہ مبذول کرائی گئی مگر نئی سڑکیں بنانا تو دور کی بات خستہ حال سڑکوں کی مرمت پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ کوکب اقبال نے کہا کہ KDAچورنگی، نارتھ ناظم آباد پر جہاں واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا دفتر بھی ہے گذشتہ کئی دنوں سے گندہ پانی بہہ رہا ہے جس کی وجہ سے سڑکوں پر کھڈے پڑ گئے ہیں ہزاروں شہری گندے پانی اور ٹوٹی سڑکوں سے ہوتے ہوئے اپنی منزل کی طرف جاتے ہیں افسوس کی بات ہے کہ علاقے کو برباد کیا جا رہے ہے اور ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر اور میونسپل کمشنر اس طرف توجہ نہیں دے رہے ہیں ہم شہر کراچی خصوصاً نارتھ ناظم آباد و ڈسٹرکٹ سینٹرل کے شہری وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، چیف سیکرٹری سندھ، صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ سے مطا لبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر کراچی کی مرکزی شاہراہوں پر نئی سڑکیں بنائی جائیں اور اگر فنڈ کی کوئی کمی ہے تو کم از کم سڑکوں کی مرمت ہنگامی بنیادوں پر کی جائیں تا کہ ٹریفک کی روانی بر قرار رہے۔
کوکب اقبال نے کہا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل کو ماڈل ڈسٹرکٹ بنانے کے بڑے دعوے کئے گئے تھے مگر ابھی تک صورت حال بد سے بدترین ہوتی جا رہی ہے گلی محلوں کی سڑکیں انتہائی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے کسی ایک محلے کی سڑک پر کار پینٹ نہیں کی گئی گذشتہ بارشوں میں کئی علاقوں کی سڑکیں تباہ و برباد ہوگئی تھیں بلکہ کئی علاقوں میں بارشوں کی وجہ سے سڑکیں پانی میں بہہ گئی تھیں اب ان علاقوں کی صورت حال سندھ کے گائوں سے بھی بد تر ہے کیونکہ گائوں میں کہیں کہیں کچی سڑکیں تو دکھائی دیتی ہیں ۔ کوکب اقبال نے کہا کہ شہر کراچی اور خصوصا ڈسٹرکٹ سینٹرل میں آوارہ کتوں سے کسی بھی شہری کو نقصان پہہنچا تو اسکی ذمے داری ڈپٹی کمشنر سینٹرل اور میونسپل کمشنر ڈسٹرکٹ سینٹرل پر ہوگی اور ان کے خلاف عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہری اور بچے اپنے گھروں میں قید ہو کر رہ گئے ہیں پوری پوری رات آوارہ کتوں کے بھونکنے کی وجہ سے رات کی نیندیں اڑ گئی ہیں مگر انتظامیہ آرام سے خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ شہر کراچی کی عوام اور این جی اوز کے ساتھ مل کر اس مسئلے پر آواز اٹھا ئینگے تاکہ کراچی کے شہریوں کو ریلیف میسر آ سکے۔