اچھے اسکول میں پڑھانے کیلئے والدہ نے اپنا زیور بیچ دیا تھا، انوپم کھیر

سینئر بھارتی اداکار انوپم کھیر کا کہنا ہے کہ اُن کی والدہ نے انہیں اچھے اسکول میں پڑھانے کے لیے اپنے زیور بیچ دیے تھے کیونکہ اُس وقت اُن کے والد کی ماہانہ تنخواہ صرف 90 روپے تھی۔

بالی ووڈ کو معتدد سپر ہٹ فلمیں دینے والی بھارتی اداکار انوپم کھیر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک پوسٹ جاری کیا ہے جس میں انہوں نے اپنی زندگی اور کیرئیر کے دوران پیش آنے والی اُن مشکلات کا ذکر کیا ہے جو انہیں اس مقام تک پہنچنے کے لیے برداشت کرنا پڑیں۔

انوپم کھیر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک خوبصورت تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ اپنی والدہ کے ساتھ موجود ہیں، تصویر میں وہ اپنی والدہ کی طرف دیکھ کر مسکرا رہے ہیں جبکہ اُن کی والدہ کھلکھلا کر ہنس رہی ہیں۔
انسٹاگرام پر شیئر کردہ تصویر کے ساتھ اداکار نے ایک طویل کیپشن لکھا ہے کہ ’میری والدہ مجھےروزانہ اسکول چھوڑنے سے قبل کہتی تھیں کہ آج تمہارا بہترین دن ہے، چونکہ اُس وقت میں بچہ تھا تو اُن کی بات مان لیتا تھا، اُن کا ایسا کہنا مجھے یہ بھلا دیتا تھا کہ ہم کتنے غریب ہیں۔‘

انوپم کھیر نے لکھا کہ ’اُس وقت والد کی ماہانہ تنخواہ صرف 90 روپے تھی اور ہمیں اچھے اسکول میں پڑھانے کےلیے والدہ نے اپنے زیور بیچ دیے تھے۔ ایک مرتبہ انہوں نے اپنی والدہ سے جھوٹ بولا تھا جس کے بعد انہیں 3 گھنٹے سزا کے طور پر کھڑا رہنا پڑا تھا، جب انہوں نے اپنا جھوٹ مان لیا تو تب اُن کی سزا ختم ہوئی
انہوں نے بتایا کہ جب میں اداکار بننے کے لیے ممبئی آیا تھا تو اُس وقت میرے پاس صرف 37 روپے تھے، اُس وقت مجھے پلٹ فارم پر بھی سونا پڑتا تھالیکن والدہ کو کبھی اس بات کا علم نہیں ہونے دیا جبکہ اس دوران اُن کی والدہ نےبھی بیٹے کو بتائے بغیر آپریشن کروالیا۔

اداکار کی پوسٹ کے مطابق جب انہوں نے فلموں میں آنا شروع کیا تو اس وقت ان کی والدہ ہی وہ شخصیت تھیں جنہوں نے انوپم کھیر کو مستحکم کیے رکھا۔

واضح رہے کہ انوپم کھیر اپنی والدہ اور ان کے ساتھ گزارے لمحات کی ویڈیوز، تصاویر سوشل میڈیا پرانوپم گاہے بگاہے اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے رہتے ہیں