شاہد آفریدی نے نوجوان ستاروں کو کیا مشورہ دیا؟

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے نوجوان معروف شخصیات کو ہر ایک کے ساتھ عاجزی سے پیش آنے کا مشورہ دے دیا۔

گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک دلچسپ ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک خاتون جو ائیرپورٹ پر موجود تھی شاہد آفریدی کو آواز دے کر کہتی تھی کہ ’اے بھائی ادھر آؤ، ادھر آؤ بیٹا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہد آفریدی بھیڑ میں سے گزر کر خاتون تک پہنچتے ہیں تو خاتون کہتی ہیں کہ ’یہ لڑکیاں بول رہی ہیں کہ تم شاہد آفریدی ہو؟‘

شاہد آفریدی کے ہاں کہنے پر خاتون فوراً ہی کہتی ہیں کہ ’چلو تصویریں لے لو‘ اور پھر شاہد آفریدی تصویروں میں مشغول ہو جاتے ہیں۔
اس ویڈیو میں شاہد آفریدی کے محبت بھرے رویے کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے، صارفین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر شہرت رکھنے کے باوجود بھی شاہد آفریدی میں غرور اور تکبر نہیں۔

انہی میں سے ایک صارف کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ ’ہمیں اپنے رویے اور لہجے میں ہمیشہ شائستگی رکھنی چاہیے کیونکہ یہ کامیابی کی کنجی ہے۔‘
شاہد آفریدی نے کہا کہ ’شائقین ہمیں پیار کا احساس دلاتے ہیں، جسے دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے۔‘

سابق کپتان نے نوجوان معروف شخصیات کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’نوجوانوں کو میرا مشورہ ہے کہ ہمہ وقت عاجز رہیں اور اپنے اسٹارڈم یعنی شہرت کو راستہ میں نہ آنے دیں
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’یہ ٹھیک ہے کہ اگر کوئی آپ کو پہچانتا نہیں ہے لیکن اس کے باوجود بھی آپ سب کے ساتھ عاجزی اور خوش اخلاقی کا رویہ اختیار کریں۔