عامر کے بیانات سے افسوس ہوا، وقار یونس

قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس کہتے ہیں کہ اُنہیں محمد عامر کے بیانات سُن کر بےحد افسوس ہوا ہے۔

وقار یونس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عامر شاندار کرکٹر ہے اور میں ان لوگوں میں سے ہوں جواس بات کی وکالت کرتا تھا کہ عامر کو واپس آنا چاہیے۔

اُنہوں نے نوجوان بولر نسیم شاہ کے حوالے سے کہا کہ نسیم شاہ ٹیلنٹڈ فاسٹ بولر ہیں۔
وقار یونس نے کہا کہ میں کسی جواز کے پیچھے چھپنے نہیں آیا، جو خبریں ہیں وہ خبروں کی حد تک رہیں تو بہتر ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ یہ غلط بات ہے کہ ٹیم کو چھوڑ کر آگیا ہوں، ٹیم کو نہ پہلے کبھی چھوڑ کر گیا ہوں نہ آئندہ چھوڑ کر جاؤں گا۔

وقار یونس نے یہ بھی کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے مشکل ہوئی، ہم نے پہلا ٹیسٹ اچھا کھیلا جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں ہم بہتر نہ کھیل سکے۔
اُنہوں نے کہا کہ جو پرفارمنس ہم دینا چاہتے تھے نہیں دے سکے لیکن مجھے بولرز پر فخر ہے کہ انہوں نے مشکل حالات میں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کی۔

وقار یونس نے کہا کہ ساؤتھ افریقہ کے خلاف سیریز کے منتظر ہیں، میں جارحانہ انداز کا انسان ہوں اور یہی چاہتا ہوں کہ اپروچ جارحانہ ہو۔

اُن کا کہنا تھا کہ کوچ کے سلیکشن کے اختیارات لینے کی ابھی خبریں ہیں، کوچ کے سلیکشن لینے کا جب فیصلہ سامنے آئے گا دیکھیں گے، ابھی پریشان ہونے کی ضرورت نہیں
وقار یونس نے کپتان بابراعظم سے متعلق کہا کہ بابراعظم کا نہ ہونا اور کیچز ڈراپ ہونے سے فرق پڑا۔

اُنہوں نے اُن پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھ میں کچھ ہے تو یہاں کھڑا ہوں، تنقید کرنا اور کمنٹری کرنا بہت آسان ہے۔