مولانا فضل الرحمان کو راولپنڈی آنے پر چائے کیساتھ حلوہ بھی کھلایا جائے گا

جنرل (ر) غلام مصطفیٰ کے مطابق مولانا فضل الرحمان کو راولپنڈی آنے پر چائے کیساتھ حلوہ بھی کھلایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق دفاعی تجزیہ کار جنرل (ر) غلام مصطفیٰ کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کے بیانات پر ردعمل دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ فوج کی روایت ہے کہ ہمیشہ بہترین مہمان نوازی کرتے ہیں، ڈی جی آیس پی آر نے آج جو بات کی وہ بہت معنی خیز تھی۔

مولانا اگر راولپنڈی آنا چاہتے ہیں تو ان کی خوب مہمان نوازی کی جائے گی، راولپنڈی آنے پر چائے کیساتھ حلوہ بھی کھلایا جائے گا۔ جنرل (ر) غلام مصطفیٰ نے مزید کہا کہ جی ایچ کیو بھارت کا نہیں ان کی اپنی فوج کا ہے، یہ وہاں چڑھائی کر کے کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں؟ کس کی خدمت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں؟ پاکستان مشکل دور سے گزر رہا ہے، دہشت گرد حملے کر رہے ہیں، بھارت ڈس انفو مہم چلا رہا ہے، لیکن پی ڈی ایم نے کبھی ان مسائل پر بات نہیں کی۔
انہیں تکلیف اس بات کی ہے کہ وزیراعظم نے یہ کیوں کہا کہ حکومت اور فوج ایک پیج پر ہیں، یہ بتائیں کہ فوج اور حکومت ایک پیج پر نہ ہوں تو پھر کس پیج پر ہوں؟ فوج نے ہمیشہ ہر حکومت کا ساتھ دینے کی کوشش کی ہے۔ یہ جمہوریت کی باتیں کرتے ہیں لیکن ان کی اپنی جماعتوں میں کوئی جمہوریت نہیں ہے۔ جمہوریت کی باتیں کرنے سے قبل یہ لوگ اپنی جماعتوں میں جمہوریت لے کر آئیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی جانب سے بھی کہا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو راولپنڈی کا رخ کرنے کا بہت شوق ہے تو وہ ضرور ایسا کریں، مولانا سے بس اتنا کہنا چاہوں گا کہ یہ بتا دیں کہ وہ اپنی مالش چائے پینے کے بعد کروانا پسند کریں گے یا پہلے۔ فیصل واوڈا کا مزید کہنا ہے کہ ان لوگوں کے جیسے کرتوت ہیں، انہیں کوڑے ہی پڑیں گے۔ واضح رہے کہ پیر کے روز پریس کانفرنس کے دوران ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار اگر مولانا پنڈی آئے تو چائے پانی پلائیں گے ، پی ڈی ایم کی پنڈی آنے کی کوئی وجہ نہیں ہے، اگر کوئی آنا چاہے تو چائے پلائیں گے، اس سے زیادہ کیا کہہ سکتا ہوں

https://www.urdupoint.com/daily/livenews/2021-01-11/news-2700816.html