شہر میں تفریحی سرگرمیوں کیلئے گراؤنڈز اور پارکس کا جال بچھانے کا اعزاز صرف پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس ہے

ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں تفریحی سرگرمیوں کیلئے گراؤنڈز اور پارکس کا جال بچھانے کا اعزاز صرف پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس ہے کیونکہ ہم باتوں سے زیادہ کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع جنوبی میں آرام باغ کے علاقے میں باسکٹ بال کورٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ خوبصورت باسکٹ بال کورٹ ڈی ایم سی ضلع جنوبی کے تحت بنایا گیا ہے اس موقع پر پیپلزپارٹی کے مقامی رہنما ، ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی اور باسکٹ بال کے کھلاڑی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا سندھ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور پیپلز پارٹی کی حکومت اس قسم کی سرگرمیوں کے لئے کام کرتی رہے گی۔ اس موقع پر کھلاڑیوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بیرسٹر مرتضی وہاب اور ڈی ایم سی ضلع جنوبی کے ممنون ہیں جنہوں نے اس علاقے کو ایک خوبصورت گراونڈ دیا۔ بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے کہا کہ ضلع جنوبی سے صدر پاکستان اور گورنر سندھ منتخب ہوئے لیکن انہوں نے یہاں کوئی کام نہیں کیا صرف پیپلز پارٹی کام کر رہی ہے باقی سب لوگ باتیں بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کراچی کے عوام کے ساتھ ہیں خواہ کوئی بھی سلیکٹ ہو مگر پیپلز پارٹی کا رشتہ عوام کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم برنس روڈ کی فوڈ اسٹریٹ کو بنا رہے ہیں اور فیصلہ کیا ہے کہ مستقبل میں برنس روڈ کو شام کے وقت ٹریفک کے لئے بند کرکے فوڈ اسٹریٹ کو کھلا رکھا جائے تاکہ یہاں آنے والے اپنی آمد و رفت آزادانہ طور پر کرسکیں اس مقصد کے لیے شام سات سے رات گیارہ بجے تک ٹریفک بند رہے گی مزید برآں ضلع جنوبی کی سڑکوں کے ساتھ قدیم عمارتوں کو خوبصورت بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو عوام کی سپورٹ کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی ارشاد سوڈہر ، ایس ایس پی جنوبی، میونسپل کمشنر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ علاقہ کا دورہ کرتے ہوئے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب لوگوں میں گھل مل گئے اور رہائشی و تاجر حضرات کے مسائل معلوم کئے۔ انہوں نے عوام سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ برنس روڈ کو مثالی فوڈ اسٹریٹ بنایا جائے گا ۔ دریں اثنا ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے ملک بھر میں بجلی کی طویل بندش پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بجلی کی طویل بندش سلیکٹیڈ حکومت کا کارنامہ ہے۔ گیس بحران کے بعد پورے ملک میں بجلی کا بند ہونا حکومت کی بد ترین کارکردگی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نااہلوں کے ٹولے نے عوام کا جینا محال کردیا ہے۔ سردیوں کے موسم میں بجلی کی طویل بندش حکومتی خراب کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور ابھی تک سندھ کے کئی اضلاع میں تاحال بجلی کی بحالی نہیں ہو سکی ہے جس سے ثابت ہوگیا کہ ملک چلانا سلیکٹیڈ کے بس کی بات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ خدارا اقتدار کی ہوس میں پہلے سے تباہ حال عوام کو مشکلات کا شکار نہ کریں کیونکہ عوام ڈھائی سال سے نااہلوں کا بوجھ اُٹھاتے اُٹھاتے تھک چکے ہیں اور وزیراعظم بائیس کروڑ عوام کے ملک کو گیارہ کھلاڑیوں کی ٹیم سمجھ بیٹھے ہیں۔