انڈونیشیا: جکارتا سے ٹیک آف کے بعد طیارہ لاپتہ

انڈونیشیا کی فضائی کمپنی سری وجایا کے ایک طیارے کا ہفتے کو دارالحکومت جکارتہ سے پرواز کے بعد کنٹرول ٹاور سے رابطہ ختم ہو گیا ۔طیارے پر 50 سے زیادہ افراد سوار ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے مقامی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ طیارہ مغربی صوبے کالی مانتن کے شہر پونتیانک جارہا تھا۔

فلائٹ ریڈار 24 نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ پرواز ایس جے182 کی بلندی میں’جکارتہ سے روانگی کے چار منٹ کے بعد ایک منٹ میں10000فٹ کی کمی ہوئی۔’

ایک مقامی سرکاری عہدے دار سرچامان نے کومپاس ٹی وی کو بتایا ہے کہ جکارتہ کے شمال میں ماہی گیروں کو پانی سے کچھ ایسی اشیا ملی ہیں جو تباہ شدہ طیارے کا ملبہ دکھائی دیتی ہیں۔

عہدے دار کے مطابق طیارے کی تلاش جاری ہے۔ دوسرے ٹیلی ویژن چینلز نے طیارے کی تصویریں دکھائی ہیں جس پر تباہ ہونے کا شبہ ہے۔ ذوالکفلی نامی سیکیورٹی اہلکار نے سی این این انڈونیشیا کو بتایا ہے کہ ‘ہمیں پانی سے کچھ تاریں، جینز اور دھات کے ٹکڑے ملے ہیں۔’

فلائٹ ریڈار 24 کے ڈیٹا میںموجود رجسٹریشن کی تفصیلات کے مطابق بوئنگ 737-500 قسم کا طیارہ 27 سال پرانا ہے۔

طیارے نے مقامی وقت کے مطابق دو بج کر 30 منٹ پرواز کی جس کے فوری بعداس کا رابطہ ختم ہوگیا۔

دوسری جانب سری وجایا ایئر نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ مزید کوئی بیان جاری کرنے سے پہلے پرواز کے بارے میں تفصیلی معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔