25ڈیزل ہائبرڈ بسوں کی اسکیم شروع کی جارہی ہے

سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کے انٹراسٹی بس منصوبہ زیر غور ہے اور جلد25ڈیزل ہائبرڈ بسوں کی اسکیم شروع کی جارہی ہے۔انہوں نے یہ بات جمعہ کو سندھ اسمبلی میں محکمہ ٹرانسپورٹ سے متعلق وقفہ سوالات سے متعلق ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہی۔پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی ارسلان تاج کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کی نااہلی کے سبب پبلک ٹرانسپورٹ کی اسکیم پر ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا۔پی ٹی آئی کے رکن سعید آفریدی نے دریافت کیا کہ انٹراسٹی بس منصوبہ کب مکمل ہوگا ؟ اویس قادر شاہ نے بتایا کہ انٹراسٹی بس منصوبے کے فنڈز کے لئے وزیراعلیٰ کو سمری ارسال کی ہے۔کراچی میں 250بسیں اسی سال شروع ہوجائینگی۔اسپیکر آغا سراج درانی نے وزیر ٹرانسپورٹ سے کہا کہ جب نئی بسیں آجائیں توارکان اسمبلی کو بھی اس میں گھمانے لے جائیں۔ جی ڈی اے کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ میں کھانے پینے کا کام زیادہ ہے۔پیپلز پارٹی کی حکومت بارہ سال میں ایک بس بھی نہیں چلاسکی۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی خوبی ہے کہ بسوں کی تاریخ پر تاریخ دیتی ہے۔جس پر اویس قادر شاہ نے کہا کہ نصرت سحر عباسی اسپیکر کا غصہ مجھ پر نکال رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بھی کراچی کے لئے 163ارب روپے کا اعلان کیا لیکن وہ پیسے آج تک نہیں مل سکے ۔انہوں نے کہا کہ ریکارڈ پر رکھیں کہ اس سال کراچی میں ٹرانسپورٹ کے دوو منصوبے شروع ہونگے جس پر اسپیکر نے کہا کہ جلداز جلد بسیں آنی چاہیں۔سعیدآفرید ی نے کہا کہ پورا شہر کراچی لاوارث ہے اور الیون سی کے آسرے پر چل رہاہے۔وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ہمارے محکمے میں جس طرح پروجیکٹ آنے چاہیے تھے اس طرح ابھی تک فنڈنگ نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ جب بھی بس ٹرمینل کا افتتاح ہوگا تو نصرت سحر عباسی کو ضرور دعوت دوں گا۔ وقفہ سوالات میںاپوزیشن کے ارکان نے وزیر ٹرانسپورٹ سے تابڑ توڑ جو سوالات کئے وہ ان کے جوابات کے سلسلے میں ارکان کو مطمئن نہ کرسکے بلکہ ایک موقع پر وہ ایک رکن کے سوال پر آگ بگولہ ہوگئے اور انہوں نے غصے کے عالم میں کہا کہ میرے بھائی نے وہی حرکت کی جو ایک بے وقوف کرتا ہے تاہم اسپیکر نے وزیر ٹرانسپورٹ کو اپوزیشن ارکان پر ذاتی حملوں سے روک دیا۔