میٹرک بورڈ کے ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کریں گے، شرف علی شاہ

میڑک بورڈ کراچی کے چیئرمین سید شرف علی شاہ نے کہا ہے کہ ڈیلی ویجز ملازمین کومستقل کرنا میری اولین ترجیح ہے اور اس مسئلے کو فوری طور پر حل کیاجائے گا، وہ بدھ کو ایپکا میٹرک بورڈ کراچی یونٹ کے تحت استقبالیہ سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر سید شرف علی شاہ کو اجرک کا تحفہ اورگلدستے پیش کئے گئے۔ چیئرمین بورڈ نے کہا کہ بورڈ ملازمین کے درپیش مسائل بھی فوری طور حل کئے جائیں گے۔تعلیم کی بہتری اور فروغ کے لیے ہم سب مل جل کر کام کریں گے اورتعلیمی معیار کو مزید بلند کریں گے۔ ایپکا میٹرک بورڈ کراچی یونٹ کے صدر عبدالوہاب لاکھو نے سید شرف علی شاہ کو میٹرک بورڈ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ایپکا کراچی ڈویژن کے صدر سید توقیر حسین شاہ نے کہا کہ ایپکاہر سطح پر ان سے مکمل تعاون کرے گی۔