سجاول میں نامعلوم چوروں نے سوسالہ تاریخی مدرسے کے شبعبہ بنات کے تالے توڑ کرقیمتی سامان اور پنکھے چوری کرلئے

سجاول : سجاول میں نامعلوم چوروں نے سوسالہ تاریخی مدرسے کے شبعبہ بنات کے تالے توڑ کرقیمتی سامان اور پنکھے چوری کرلئے ، سجاول میں تاریخی مدرسہ درالفیوض الہاشمیہ کے شعبہ بنات  کی عمارت میں گذشتہ رات نامعلوم چور دیوارپھلانگ کر اندرتالے توڑکر پنکھے اور قیمتی سامان اطمینان کے ساتھ چوری کرکے لے گئے ، اس سے قبل قریبی تاریخی شاھی مسجد سے بھی بیٹری اور سائونڈ سسٹم رات کو چوری کرلیاگیاجبکہ شہرکی پچاس سالہ پرانی لائبریری کی عمارت سے دن دیہاڑے ریڈنگ روم کے تالے توڑ کر قیمتی سامان چوری کیاگیااور کتب کی بے حرمتی کی گئی ، علاوہ ازیں شہرمیں موٹرسائیکل چوری ،موبائل چوری و چھیننے ، دکانوں سے چوری کی وارداتیں مسلسل ہورہی ہیں ، جن کی شکایات اوپرتک ارسال کرکے مسروقہ سامان کی واپسی کامطالبہ کیاگیاہے تاہم پولیس کارکردگی بہترنہ ہوسکی ہے  نہ تو ملزمان گرفتارہوسکے ہیں اور نہ ہی مسروقہ اشیاء واپس کرائی گئی ہیں ، گذشتہ روز سجاول اور جاتی میں شہریوں اور سماجی تنظیموں کی جانب سے احتجاج بھی کیاگیا۔ قبل ازیں علاقے میں پولیس سرپرستی میں منشیات اورجوئے و دیگرسماجی برائیوں کے خلاف احتجاج بھی ریکارڈ کرائے گئے ہیں ،تاہم علاقے میں امن امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو بہتربنانے کے بجائے ایس پی آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاہے کہ پولیس کو بلیک میل کرنے کے لئے پروپیگنڈہ کیاجارہاہے ،علاوہ ازیں گذشتہ روز سجاول میں مقامی صحافی کے بھائی کی گرفتاری اور مقدمہ قائم کرنے کے خلاف بھی صحافیوں نے احتجاج کااعلان کیاہے اور آئی جی سندہ سے اپیل کی ہے کہ فوری نوٹس لیکر جھوٹے مقدمے کو خارج کیاجائے ۔