محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے جولائی 2020 سے دسمبر 2020 تک مجموعی طور پر 43945.876 ملین روپے ٹیکس وصول کیا۔ مکیش کمار چاؤلہ

پروفیشنل اور جائیداد ٹیکس کے نادہندہ گان فوری طور پر ٹیکسز جمع کروائیں۔ صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات کا اجلاس سے خطاب کراچی۔ 6 جنوری۔ صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ نے کہا ہے کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے جولائی 2020 سے دسمبر 2020 تک مختلف ٹیکسز کی مد میں مجموعی طور پر 43954 ملین روپے سے زائد ٹیکس وصول کیا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران اسی مدت کے دوران 39981.528 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا تھا۔ یہ بات انہوں نے اپنے زیرِ صدارت ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات عبدالحیلم شیخ، ڈائریکٹر جنرلز حاجی سلیم بھٹو، منیر احمد زرداری، ایڈیشنل ڈائریکٹر ناصر آفندی، ڈائریکٹر ٹیکسز اقبال لغاری اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ موثر وہیکل ٹیکس کی مد میں 4138.992 ملین روپے اور انفراسٹرکچر سیس کی مد میں 35682.748 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا جبکہ پروفیشنل ٹیکس کی مد میں 321.290 ملین روپے اور جائیداد ٹیکس کی مد میں 1192.959 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔ اجلاس کو مذید بتایا گیا کہ کاٹن فیس کی مد میں 68.724 ملین روپے اور انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی کی مد میں 13.252 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ نے کہا کہ ٹیکسز کی وصولی کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے اور قوی امید ہے کہ ہم ٹیکسز کے مطلوبہ اہداف حاصل کرلیں گے۔ انہوں نےپروفیشنل اور جائیداد ٹیکس کے نادہندہ گان فوری طور پر اپنے ٹیکسز جمع کروانے کی درخواست کرتے ہوئے افسران کو ٹیکسز کی وصولی کی رفتار تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔