بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام المرکز اسلامی کو خوب سے خوب تر بنانے کے لئے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں،

ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام المرکز اسلامی کو خوب سے خوب تر بنانے کے لئے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں، آڈیٹوریم کی تزئین و آرائش کا کام جلد از جلد مکمل کرایا جائے تاکہ اسے فلاحی مقاصد کے لئے استعمال کرکے بالخصوص ضلع وسطی کے رہائشیوں کو بھرپور سہولت فراہم کی جاسکے، مذکورہ آڈیٹوریم کی تعمیر کے بعد یہاں ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کرکے ہم اپنی نوجوان نسل کو اپنے ادبی ورثے کی آگاہی بھی دے سکیں گے اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کو اس آڈیٹوریم سے آنے والی کرائے کی مد میں رقم سے اپنے ریونیو کو بھی بڑھانے کا موقع ملے گا، یہ بات انہوں نے عائشہ منزل پر واقع المرکز اسلامی کا دورہ کرنے کے بعد متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات دیتے ہوئے کہی، ان کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر طٰحہ سلیم، سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس سید خورشید احمد شاہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے المرکز اسلامی کے گراؤنڈ اور پہلی منزل پر نصب طغرے اور خطاطی کے مختلف نمونوں کا بھی معائنہ کیا، انہوں نے ہدایت کی کہ یہ تمام فنی کام بہت ہی اہمیت کا حامل ہے لہٰذا یہ انتہائی ضروری ہے کہ انہیں ہر طرح سے محفوظ بنایا جائے اور جن کے لئے یہ ضروری ہو کہ انہیں پلاسٹک کوڈنگ کرایا جاسکے انہیں اس عمل سے گزار کر محفوظ بنالیا جائے، انہوں نے کہا کہ المرکز اسلامی شہر کے وسط میں انتہائی اہم جگہ پر واقع ہے جسے مثبت طریقے پر کثیر المقاصد کاموں کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے، اس طرح شہریوں اور بالخصوص این جی اوز کو بھی اپنے بامقصد پروگرام منعقد کرنے کا موقع مل سکے گا،انہوں نے کہا کہ شہر میں دیگر آرٹ گیلریز بھی موجود ہیں مگر ان کے بارے میں عموماً یہ کہا جاتا ہے کہ وہاں پروگرام کرنے کی مد میں کرائے زیادہ وصول کئے جاتے ہیں جبکہ آرٹسٹ، خطاط اور دیگر اصناف ِ سخن سے تعلق رکھنے والے فنکار اپنے فن پاروں کی نمائش وہاں نہیں کرپاتے بلکہ اکثر تو بعض فنکاروں کی وہاں تک رسائی بھی نہیں ہوپاتی اسی لئے ایسے تمام فنکاروں کے لئے شہر کے وسط میں واقع المرکز اسلامی ایک آئیڈل جگہ ثابت ہوسکتی ہے انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کے تمام فن کاروں اور فنونِ لطیفہ سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو مذکورہ آڈیٹوریم بلاامتیاز و تفریق فراہم کرے گی تاکہ وہ اپنے فن پاروں کی نمائش آسانی کے ساتھ یہاں منعقد کرسکیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کو اس موقع پر بتایا گیا کہ المرکز اسلامی کا سیمینار ہال 750 نشستوں کی گنجائش پر مبنی ہے جہاں نشستیں لگانے کا کام شروع کیاجا رہا ہے، امید ہے کہ جلد ہی کرسیوں اور برقی آلات کی تنصیب کا کام مکمل کرلیا جائے گا، انہیں بتایا گیا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت المرکز اسلامی کے لئے دو اسکیمیں رکھی گئی ہیں جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے اسے مزید خوب سے خوب تر بنایا جائے گا۔