متبادل انرجی ڈویلپمنٹ بورڈ کے سی ای او رانا عبدالجبار مستعفی

متبادل انرجی ڈویلپمنٹ بورڈ کے سی ای او رانا عبدالجبار نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ وفاقی کابینہ آج کے اجلاس میں ان کے استعفے کی منظوری دے گی۔ ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن نے رانا عبدالجبار کا استعفیٰ منظور کرنے کی سفارش کردی ہے۔ پاور ڈویژن نے قائم مقام سی ای او کیلئے تین نام بھی کابینہ کو ارسال کردیئے ہیں۔ ایم ڈی پی پی آئی بی شاہ جہاں مرزا‘ جوائنٹ سیکرٹری ایڈمن پاور ڈویژن سجاد احمد‘ جوائنٹ سیکرٹری ٹرانسمیشن پاور ڈویژن احمد تیمور کو بھی قائم مقام سربراہ لگایا جاسکتا ہے۔ متبادل انرجی ڈویلپمنٹ بورڈ کے نئے سی ای او کی تقرری کیلئے سیلکشن کمیٹی قائم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ وزیر توانائی کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی نئے سی ای او کی تقرری کرے گی۔

https://jang.com.pk/news/867821?_ga=2.109683718.2063765241.1609824401-696168899.1609824401