بیٹے نے گھر کے اندر فائرنگ کر کے نوکر اور ماں پر گولیاں چلائی تھیں بعد ازاں گھر سے باہر آکر اسلحہ تان لیا تھا جسے اہلکار نے گولی ماری جس کے بعد وہ جاں بحق ہوگیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سپر ہائی وے پر واقع ہاؤسنگ سوسائٹی میں ماں اور نوکر کو قتل کرنے والے نوجوان کے باپ نے پولیس کو بیان دے دیا۔ بیٹے نے گھر کے اندر فائرنگ کر کے نوکر اور ماں پر گولیاں چلائی تھیں اور بعد ازاں گھر سے باہر آکر اسلحہ تان لیا تھا جسے اہلکار نے گولی ماری جس کے بعد وہ جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق گڈاپ تھانے کی حدود میں واقع ہاوسنگ سوسائٹی میں والدہ اور ملازم کو فائرنگ کرکےقتل کرنے والے نوجوان کے والد نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ گذشتہ شب نیو ایئر نائٹ پر میرا بیٹاباہر گیا تھا۔ صبح اسکی کال آئی کہ اسکا کسی کے ساتھ مسئلہ ہو گیا ہے اور اس نے اسے گولی مار دی ہے،نوجوان کے والد نے بتایا کہ میں نے اسے گھر آنے کا کہا ، وہ جب واپس آیا تو وہ زخمی تھا ، پستول اس کے ہاتھ میں تھا جبکہ اس کے ہاتھ سے خون بہہ رہا تھا ۔اس نے بتایا کہ اس نے سیلف ڈیفنس میں کسی کو گولی ماری ہے ،میں نے اسے کہا کہ ڈاکٹر کے پاس چلتے ہیں لیکن اس نے اپنی والدہ،مجھ پر اور بھائی پر پستول تان لیا اور

مجھے اور والدہ کو کہا کہ سجدے میں گر جائو اور اللہ اکبر پڑھو اور بھائی کو کہا کہ کمرے میں چلے جائو۔اسکی والدہ نے مجھے کہا کہ آپ دفتر جائیں میں اس سے بات کرتی ہوں تاہم میں دفتر جانے کے بجائے فلیٹ کیساتھ ہی کھڑا ہو گیا جبکہ میرا دوسرا بیٹا بھی وہاں آ گیا۔کچھ دیر بعد فلیٹ کے اندر سے چیخ و پکار کی آواز آئی اور پھر فائرنگ ہوئی،میرے بیٹے نے اپنی والدہ اور ملازم کو گولیاں ماریں اور پھر چوتھی منزل میں واقع فلیٹ سے نیچے آیا اور پھر واپس اوپر چلا گیا،اوپر موجود گارڈ نے اسکی حالت دیکھ کر پستول تان لیا جس پر بیٹے نے اس پر فائر کیا،گارڈ کی جوابی فائرنگ میں گولی بیٹے کو لگی جس سے وہ بھی جاں بحق ہو گیا۔ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق گڈاپ ہی کے علاقے سے صبح ایک شخص کی لاش ملی تھی یہ معلوم کیا جا رہا ہے کہ آیا اس شخص کو اسی نوجوان نے قتل کیا ہے یا نہیں۔گولیوں کے خول فرانسک کے لئیے بھیج دئیے گئے ہیں جسکی رپورٹ آنے کے بعد صورتحال واضح ہو گی۔ایس ایس پی نے بتایا کہ نوجوان نشے کا عادی تھا اور اسکا ذہنی توازن بھی ٹھیک نہیں تھا

https://jang.com.pk/news/866860?_ga=2.263659337.497805562.1609666489-823084226.1609666489