ایف پی سی سی آئی کے انتخابات- یونائٹیڈ بزنس گروپ کے صدارتی امیدوار خالدتواب اور بزنس مین پینل کے امیدوار ناصرحیات مگوں کے درمیان مقابلہ 178-178 ووٹوں کےساتھ برابر ہوگیا

کراچی(کامرس رپورٹر)ایف پی سی سی آئی کے سالانہ انتخابات برائے2021 میں یونائٹیڈ بزنس گروپ کے صدارتی امیدوار خالدتواب اور
بزنس مین پینل کے امیدوار
ناصرحیات مگوں کے درمیان مقابلہ 178-178 ووٹوں کےساتھ برابر ہوگیا معرکہ سر کرلیا،اب یہ فیصلہ عدالت سے ہوگا کیونکہ تین ووٹ عدالتی حکم پربیلٹباکس میں سربمہر کردیئے گئے۔برسر اقتدار گروپ بزنس مین پینل نے مجموعی طور پر نائب صدر کی6 سیٹیں جیتں جبکہ اپوزیشن گروپ یونائٹیڈ بزنس گروپ نے نائب صدر کی4 نشستوں پرکامیابی حاصل کی جبکہ فاٹا، فیڈرل کیپٹل ایریا سے نائب صدر کا نتیجہ برابر رہا۔ایف پی سی سی آئی کی تین رکنی الیکشن کمیٹی علی رحیم،شاہدوسیم اورارشد خورشید کے مطابق سینئرنائب صدر کے منصب پر بزنس مین پینل کے امیدوار خواجہ شاہ زیب اکرم196 نے اپنے مخالف یو بی جی کے امیدوار عبدالرئوف مختار 161 ووٹ کو شکست دی ۔ واضح رہے کہ یو بی جی کے امیدوار عدیل صدیقی ،ویمن چیمبر کے کوٹے پربزنس مین پینل کی بلوچستان سے امیدوارفرزانہ احمدعلی اور بلوچستان سے ہی چیمبر کی نشست پر بزنس مین پینل کے امیدوارناصرخان بلامقابلہ کامیاب قرار دیئے جاچکے ہیں۔ 8نائب صدور کیلئے ہونے والے انتخاب میں نائب صدر (فاٹا، فیڈرل ایریا) کی نشست پردونوں گروپوں کے امیدواروں کے مابین مقابلہ چارچار ووٹوں سے برابر رہا جبکہ نائب صدر چیمبر(کے پی کے) پربزنس مین پینل کے امیدوارمحمدزاہد شاہ کامیاب قرار دیئے گئے۔ نائب صدر چیمبر پنجاب کی نشست پریو بی جی کے امیدوار راجہ محمدانور28 ووٹ لے کرکامیاب رہے انکے مقابل امیدوارعامرانور12 ووٹ لے سکے۔نائب صدر اسمال چیمبرکی نشست پر مقابلہ برابررہا ، یو بی جی کے امیدوار کا ایک ووٹ سیاہی ہلکی ہونے پر مسترد کیا گیا تھالیکن بعد ازاں یو بی جی کے امیدوار کےاعتراض پر دوبارہ گنتی میں یو بی جی کے امیدوارمحمد نواز9 ووٹ لے کرکامیاب ہوئے ان کے مقابلے میں بی ایم پی کے امیدوارسلمان الٰہی ملک 8ووٹ لے سکے۔ایسوسی ایشن کلاس سے بزنس مین پینل کے اطہرچائولہ138 ووٹ،حنیف لاکھانی120 ووٹ،محمدسلیم 110 ووٹ اور یو بی جی کے عارف جیوا108 ووٹ حاصل کرکے کامیاب رہے۔ بدھ کو فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں سالانہ انتخابات پر امن ماحول میں ہوئے۔صبح ساڑھے9 بجے پولنگ کا آغاز ہوا جودوپہرکھانے اور نماز کے ایک گھنٹے کے وقفے کے علاوہ مسلسل جاری رہا۔ملک بھر سے آئے ہوئے ووٹرز ایک دوسرے سے ملتے اور خوش گپیوں میں مصروف رہے،یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیرکڈنی ٹرانسپلانٹ کی وجہ سے گزشتہ سال الیکشن میں سرگرمی نہ دکھا سکے تھے لیکن اس بار وہ بھرپور طور پر سرگرم رہے۔افتخار علی ملک،عامرعطاباجوہ، خورشید برلاس، چوہدری عرفان یوسف،سہیل ملک،وقارمیاں بھی پنجاب سے آنے والے تمام اپنے حامی ووٹرز کااستقبال کرتے رہے۔ یو بی جی کے صدارتی امیدوار خالدتواب اور بزنس مین پینل کے صدارتی امیدوار ناصر حیات مگوں ووٹرز کی اپنے حق میں ووٹ کاسٹ کرنے کی جدوجہد میں مصروف رہے جبکہ زبیرطفیل بھی سرگرم دکھائی دیئے۔دونوں ہی گروپوں کے کیمپوں میں ووٹرز اورانکے حامیوں کا رش رہا۔ ساڑھے پانچ بجے کے بعد پولنگ بندکردی گئی مگر جو ووٹر پولنگ ایریا میں داخل ہوچکے تھے انہیں ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت دی گئی، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پولیس اور رینجرز کی نفری موجود تھی ۔نومنتخب صدرنے کہا کہ ہم اب آراینڈ ڈی پر توجہ دیں گے اورتجارت وصنعت کی بہتری کیلئے کام کریں گے اورملکی معیشت کی بہتری کا کردار ادا کریں گے۔حاجی غنی عثمان نے مرحوم سراج تیلی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جو وعدہ سراج تیلی نے کیا تھا وہ انکے ساتھیوں نے پورا کیا۔