پی ڈی ایم میں شامل نہ ہونے کی سب سے بڑی وجہ ان کا عوام کو دھوکے میں رکھناہے

سینیٹر سرا ج الحق کا لکی مروت میں جلسہ سے خطاب
لاہور27دسمبر 2020ئ
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ وزیراعظم اور ان کی کابینہ نقل کے باوجود فیل ہے ۔ پی ٹی آئی کی حکومت صرف کچھ اداروں کی مرہون منت ہے ۔ وزیراعظم کی تیاری نہیں تھی تو حکومت جیسے امتحان میں کیوں بیٹھے ۔پی ڈی ایم میں شامل نہ ہونے کی سب سے بڑی وجہ ان کا عوام کو دھوکے میں رکھناہے ۔یہ نظام قاتلوں کے لیے ہے ، ظالم ، غاصب ، کرپٹ اور مافیاز آزادانہ دندناتے پھرتے ہیں کوئی بھی ان ظالموں کو آج تک سزا نہیں دے سکا ۔ بے نظیر بھٹو شہید کی برسی پر پیپلز پارٹی سے اظہار ہمدردی کرتاہوں لیکن گزشتہ بارہ سالوں میں کئی بار پی پی پی کی حکومت کے باوجود بے نظیر بھٹو شہید کے قاتل گرفتار نہ ہونا پی پی اور پوری قوم کے لیے سوالیہ نشان ہے ۔ اس ملک میں لیاقت علی خان ، جنرل فضل حق ، جنرل ضیاءالحق کے قاتل آج تک گرفتار نہ کیے جاسکے ۔ نقیب اللہ محسود کا قاتل آج بھی ہمارے پورے نظام کا مذاق اڑا رہاہے ۔ جماعت اسلامی ذات پات اور موروثیت پر یقین نہیں رکھتی بلکہ ایک مکمل جمہوری اور ترقی پسند جماعت ہے ۔ جماعت اسلامی ، اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے حکومت مخالف جاری تحریک کے لکی مروت میں چھٹے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسہ عام سے نائب امیر جماعت اسلامی پروفیسر محمد ابراہیم خان ، امیر جماعت اسلامی کے پی کے سینیٹر مشتاق احمد خان ، کے پی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر عنایت اللہ خان،عزیز اللہ خان مروت و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ آج پاکستان کو بڑے خطرات درپیش ہیں ۔ انڈیا نے اس وقت ہمارے ملک کا محاصرہ کیا ہواہے ۔ وزیراعظم کہتے ہیں تھے کہ کشمیر کا سفیر بنوں گا ،انہوں نے کشمیر کا سفیر بننے کا اعلان کر کے مقبوضہ کشمیر بھارت کے حوالے کردیا ۔ ان حکمرانوں کے ہاتھوں میں ہمارا ملک محفوظ نہیں ہے ۔ آج بھی آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے نمائندے اسلام آباد میں ہمارے فیصلوں پر اثرانداز ہورہے ہیں ۔ آئی ایم ایف کے پریشر کی وجہ سے بجلی گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ کیا جارہاہے اور پہلے سے مہنگائی کے بوجھ تلے پسی ہوئی عوام پر مزید بوجھ ڈالا جارہاہے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان پر دباﺅ ہے کہ وہ اسرائیل کو تسلیم کرے ، ہم کسی صورت بھی قبلہ او ل کی سرزمین سے دستبردار نہیں ہوسکتے ۔ یہ وہ مقدس گھر ہے جس میں نبی اکرم نے تمام انبیائے کرام ؑ کی امامت کرائی۔
سینیٹر سراج الحق نے بچے اور بچیوں سے زیادتی کے ملزم کی نامرد کرنے کی سزا پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ایسے تمام مسائل کا واحد حل اسلامی قوانین پر عملدرآمد ہے ۔ اللہ اور اس کے رسول کے بنائے ہوئے قوانین کی موجودگی میں کسی نئے قانون کو نہیں مانتے ۔ انہوںنے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں موقع دیا تو یہاں سے سودی نظام کا خاتمہ اور یکساں نظام تعلیم کا نفاذ کیا جائے گا ۔تمام کرپٹ عناصر کا بلاتفریق احتساب جماعت اسلامی ہی کرے گی ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ مدینہ کی ریاست کا اعلان کرنے والے سودی معیشت کے خاتمے ، ایک کروڑ نوکریاں ، پچاس لاکھ گھر ، وزیراعظم ہاﺅس اور گورنر ہاﺅسز کو یونیورسٹیوں میں تبدیل کرنے ، کسی کے سامنے ہاتھ نہ پھیلانے ، سبز پاسپورٹ کو عزت دلانے کے دعوے دار ایسے سو سے زائد وعدوں پر یوٹرن لے چکے ہیں اور اس پر قوم کے سامنے شرمندہ ہونے کی بجائے ڈھٹائی سے اپنے ڈگر پر چلے جارہے ہیں ۔ انہیںعوام کو سبز باغ دکھانے کی روش سے باز آنا ہوگا ۔ہماری حکومت مخالف تحریک جاری رہے گی ملک بھر میں بڑے پیمانے پر جلسوں کا شیڈول جلد جاری کریں گے ۔
جاری کردہ
شعبہ نشرواشاعت جماعت اسلامی پاکستا