نجی تعلیمی اداروں کے مسائل کا سدباب اولین ترجیح ہے، شرف علی شاہ

چیئرمین ثانوی تعلیمی بورڈ سید شرف علی شاہ نے کراچی پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کے مرکزی چیئرمین انجینئر منور حمید کی قیادت میں ان سے ملاقات کے لئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نجی تعلیمی اداروں کو درپیش تمام حل طلب مسائل کا فوری سدِ باب کیا جائے گا۔کیونکہ تمام درس گاہوں خصوصاً طلباء و طالبات کو سہولیات بہم پہنچانا ہمارا اولین فرض ہے ۔لہٰذا تعلیم کی راہ میں حائل ہر طرح کی رکاوٹ کو دور کرنے اور تعلیم کے حصول کو آسان و سہل بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔قبل ازیںفیڈریشن کے چیئرمین انجینئر منور حمید نے چیئرمین ثانوی تعلیمی بورڈ کومبارکباد پیش کرتے ہوئے میٹرک بورڈ سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا اورامید ظاہر کی کہ ان کی تعیناتی ثانوی تعلیمی بورڈ کے استحکام اور مسائل کے حل میں معاون و مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے چیئرمین سے استدعا کی کہ طلباء کی آسانی کے لئے ایم سی کیوز ماڈل پیپرز کے اجراء کو جلد ممکن بنایا جائے۔اس موقع پر چیئرمین بورڈ سید شرف علی شاہ وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ جلد از جلد نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل کا ازالہ کرنے کے لئے عملی اقدامات کریں گے۔ انجینئر منور حمید نے کہا کہ سید شرف علی شاہ جیسی نابغہ روزگار شخصیت کی سرپرستی و سربراہی میں ثانوی تعلیمی بورڈ ناصرف صوبے کا بہترین تعلیمی بورڈ ہوگا بلکہ شہر قائد کے طلباء و طالبات کی امیدوں کا محور و مرکز بھی ہوگا۔