خالد مقبول نے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش کی، پی ایس پی

پاک سر زمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی نے متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کی پریس کانفرنس کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ایک اور ناکام کوشش قرار دے دیا۔ پاکستان ہاؤس سے جاری بیان میں پاک سر زمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں متنازع مردم شُماری کی منظوری میں ایم کیو ایم کا مکروہ و دوغلہ کردار واضح ہونے پر سندھ کے شہری علاقوں میں پائے جانے والے شدید عوامی غیظ و غضب کے خوف نے خالد مقبول صدیقی کو حکومت چھوڑنے کا جھوٹا عندیہ دینے پر مجبور کیا ہے۔ ایم کیو ایم نے وفاقی کابینہ سے متنازع مردم شُماری کو منظور کروا کر شہری سندھ کی پیٹھ میں خنجر گھونپ کر میر صادق اور میر جعفر کی یاد تازہ کردی ہے۔ ایم کیو ایم اور اسکے کنوینر خالد مقبول صدیقی اگر سندھ کے شہری عوام سے زرہ برابر بھی مخلص ہیں تو پریس کانفرنس نہیں بلکہ قلیل اکثریت پر قائم وفاقی حکومت سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے شہری سندھ کیساتھ جاری

ظلم کے خلاف کھڑے ہوکر حقیقتاً شہری سندھ کے حقوق کا دفاع کریں، جو وہ کبھی نہیں کریں گے۔
https://jang.com.pk/news/862956?_ga=2.268950902.649242642.1608875266-2112695577.1608875266