ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئین میں تمام شہریوں کے حقوق برابر ہیں، مذہبی رواداری اور باہمی یکجہتی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے

کراچی ( ) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئین میں تمام شہریوں کے حقوق برابر ہیں، مذہبی رواداری اور باہمی یکجہتی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، پاکستان میں بسنے والے مسیحی ہمارے بھائی ہیں اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی، خصوصاً تعلیم، میڈیکل اور سینیٹیشن میں مسیحی برادری کی خدمات قابل قدر ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کی صبح سینٹ پیٹرکس چرچ میں کارڈینیل جوزف کوٹس(Cardinal Joseph Coutts)سے ملاقات کے موقع پر کیا، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کارڈینیل جوزف کوٹس کے ساتھ مل کر کرسمس کا کیک بھی کاٹا اور کارڈینیل جوزف کوٹس کو کرسمس کی مبارکباد دی،اس موقع پر فادر صالح، ڈائریکٹر جنرل پارکس طٰحہ سلیم، سابق سٹی کونسلرسوزن تھامسن، سماجی رہنماء سلیم مائیکل ایڈوکیٹ اور دیگر افراد بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو نیک خواہشات کا پیغام دینا چاہتے ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی، ضلعی بلدیات اور دیگر اداروں میں کام کرنے والے مسیحی ملازمین کی خدمات قابل قدر ہیں یہی وجہ ہے کہ کرسمس، ایسٹر اور دیگر مواقع پر دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی ان کی خوشیوں میں شریک ہوتے ہیں اور اس موقع پر ملی یکجہتی کا بہترین نظارہ دیکھنے کو ملتا ہے، انہوں نے کہا کہ کرسمس صرف مسیحی برادری کے لئے ہی نہیں بلکہ ہم سب کے لئے اہمیت کا حامل ہے، پاکستان میں بڑی تعداد میں مسیحی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے لوگ بستے ہیں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اہم خدمات انجام دے رہے ہیں، مسیحی چرچ اور مذہبی رہنما دیگر عبادت گاہوں کی طرح ہمارے لئے قابل احترام ہیں، چرچ کے اطراف بلدیاتی سہولیات کی ہرممکن فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کارڈینیل جوزف کوٹس کو چرچ کے لئے مسیحی مذہب سے متعلق کتابوں کا تحفہ دیا جبکہ کارڈینیل جوزف کوٹس نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو چرچ کے گارڈن میں اگائی جانے والی تازہ سبزیاں پیش کیں،ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ مسیحی برادری اپنا تہوار مذہبی طریقے سے شان و شوکت کے ساتھ منائے، اقلیتی برادری نے پاکستان کے مفادات کو ہمیشہ اپنے ذاتی مفادات پر ترجیح دی ہے اور ہم کرسمس کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان خصوصاً کراچی کو آج اتحاد،اخوت اور مساوات کی ضرورت ہے ہمیں اپنے لسانی، مذہبی اور سیاسی اختلافات سے بالا تر ہو کر شہر کی خدمت کے لئے ایک ہونا ہوگا۔