بہتر فرسٹ کلاس اوسط،فواد عالم نے ویرات کوہلی،روہت شرما کو بھی پیچھے چھوڑ دیا 35 سالہ بلے باز اب تک 56.55 کی اوسط سے 12 ہزار سے زیادہ فرسٹ کلاس رنز بنا چکے ہیں

ایک عشرے کے دوران ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے ڈھیر لگانیوالے باصلاحیت بیٹسمین فواد عالم اب بھی قومی ٹیم میں مستقل جگہ پانے کے لیے ”نظر کرم “ کے منتظر ہیں۔ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین کو 2015ء کے بعد ون ڈے جب کہ 2010ء کے بعد کوئی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا ہے ۔ 35 سالہ فواد عالم مئی 2017ء میں یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت کے مضبوط ترین امیدوار تھے تاہم اس وقت کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ان کی جگہ اپنے بھتیجے امام الحق کو قومی ٹیم میں سلیکٹ کرلیا۔
فواد عالم نے ابھی تک اس رویے کے باوجود ہار نہیں مانی ہے اور پاکستان شاہینز کی جانب سے نیوزی لینڈ اے کیخلاف غیر سرکاری ٹیسٹ میں 139 رنز کی باری کھیلی ۔

فواد عالم اب تک 172 فرسٹ کلاس میچز میں 56.55 کی اوسط سے 12724 رنز سکور کرچکے ہیں جن میں 36 سنچریاں اور 61 نصف سنچریاں شامل ہیں اور اس وقت بھی کرکٹ کھیلنے والے بلے بازوں کی فہرست میں بہترین فرسٹ کلاس اوسط کے لحاظ سے 5ویں نمبر پر موجود ہیں ،سری لنکن بلے باز پاتھم نسانکا 67.54 کی اوسط کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں ، سابق آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ 57.67 کی اوسط کے ساتھ دوسرے ،بنگلہ دیشی بلے باز مصدق حسین 57.35 کی اوسط کیساتھ تیسرے جب کہ 2018ء میں دورہ انگلینڈ کے دوران اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنےوالے بھارتی بلے باز ہنومن وہاری 57.28 کی اوسط کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں،بھارت کے روہت شرما 56.04 کی اوسط کےساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہیں ۔

فوادعالم کی فرسٹ کلاس اوسط لیجنڈری آسٹریلوی بلے باز رکی پونٹنگ (55.90)،سابق بھارتی کپتان راہول ڈریوڈ (55.33) اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی (53.74) سے بھی زیادہ ہے۔ انہوں نے 2009ء میں سر ی لنکا کیخلاف اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اپنی دوسری ہی اننگز میں 168رنز کی شاندار باری کھیل ڈالی۔انہوں نے انگلینڈ کے خلاف اگست 2020ء میں سائوتھمپٹن ٹیسٹ میں آخری مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی

https://www.urdupoint.com/sports/detail-news/live-news-2683002.html