مریم نواز: تیاری نہیں تھی تو شیروانی پہننے کی جلدی کیوں تھی؟

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اگر وزیراعظم کی حکومت چلانے کی تیاری نہیں تھی تو پھر انہیں شیروانی پہننے کی اس قدر جلدی کیوں تھی۔
بدھ کو مردان میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے مزید کہا کہ وزیراعظم ڈھائی سال 22 کروڑ عوام کی زندگیوں کے ساتھ کھیلنے کے بعد کہتے ہیں کہ انہیں حکومت چلانی نہیں آتی۔
انہوں نے ایک روز قبل وزیراعظم کی جانب سے کہے گئے الفاظ ’حکومت چلانے کی تیاری نہیں تھی‘ دوہراتے ہوئے شدید طنز کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت چلانے کی تیاری نہیں تھی لیکن عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کی پوری تیاری تھی۔ ’جو دوست آپ پر مال خرچ کرتے ہیں ان کو نوکریاں دینے کی پوری تیاری تھی۔‘
انہوں نے وزیراعظم کی بہن علیمہ خان کا ذکر کرتے ہوئے کہ ’آپ کی ان کو این آر او دینے کی پوری تیاری تھی۔‘
جلسے سے خطاب میں جعمیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ آج پوری قوم کرب میں مبتلا ہے، غریب آدمی کی قوت خرید جواب دے چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا ’حکومت کا تختہ الٹنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے‘
مولانا فضل الرحمن نے بھی وزیراعظم کے منگل کو کہے گئے الفاظ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ دو اور دو چار کو نہیں سمجھتے تو حکومت لی کیوں تھی۔
بقول ان کے وزیراعظم کی رکھوالی کرنے والے آئے روز کہتے ہیں کہ خدا کے لیے ہمیں کچھ نہ کہو، تم جانو اور عمران جانے
انہوں نے مزید کہا کہ اس ناجائز حکومت کو لانے والے بھی اتنے ہی مجرم ہیں، جتنی حکومت۔

قبل ازیں جلسے سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت کی خارجہ پالیسی کے لیے کوئی تیاری نہیں تھی لیکن کشمیر کو انڈیا کی جھولی میں ڈالنے کی پوری تیاری تھی۔
انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ بندہ ایماندار ہے کیونکہ تابعدار ہے اور عوام کے ساتھ بے ایمانی بھی ایمانداری سے کرتا ہے۔
مریم نواز نے دوران تقریر ایک لطیفہ بھی سنایا کہ بے سُرا گانے پر ایک شخص پستول لے کر آیا تو گلوکار ڈر گیا، اس نے کہا آپ گاؤ، میں تو اس کو ڈھونڈ رہا ہوں جو آپ کو لے کر آیا ہے‘
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ثاقب نثار کا صادق اور امین کہاں ہے جو کہتا تھا دو نہیں ایک پاکستان،
آج غریبوں کے گھر اور دکانیں گرائی جا رہی ہیں اور بنی گالہ کا 300 کنال کا گھر ریگولرائز کرا لیا گیا۔
مریم نواز نے وزیر اعظم کے بیان کہ ’وہ پی ڈی ایم سے نہیں ڈرے اور اس کے آگے نہیں جھکیں گے‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جھکتا تو وہ ہے جو کھڑا ہوتا ہے، جو تابعدار ہو اسے جھکنے کے سوا کچھ نہیں آتا۔

مریم نواز کے بقول چار پانچ سو استعفوں کے بعد عمران خان کا وزیراعظم رہنا مشکل ہو جائے گا۔
پی ڈی ایم کی ریلیوں کا شیڈول
دوسری جانب پی ڈی ایم کی سٹیرنگ کمیٹی نے ریلیوں کا مجوزہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔
شیڈول کے مطابقن 27 دسمبر کو بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر لاڑکانہ میں ریلی ہوگی جب کہ 30 دسمبر کو بہاولپور میں حکومت مخالف ریلی نکالی جائے گی۔
چھ جنوری کو بنوں، نو سیالکوٹ، 11 جنوری مالاکنڈ، 13 جنوری لورالائی، 16 جنوری تھرپارکر، 18 جنوری خضدار، 23 جنوری سرگودھا اور 27 جنوری کو فیصل آباد میں پی ڈی ایم ریلی نکالے گی۔

————-
https://www.urdunews.com/node/526966