عمران خان صاحب صرف مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں کامیاب ہوگئے تو آئندہ مزید کئی سالوں تک حکومت کرسکتے ہیں

عمران خان صاحب صرف مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں کامیاب ہوگئے تو آئندہ مزید کئی سالوں تک حکومت کرسکتے ہیں
عام صارف کا اصل مسئلہ صرف مہنگائی ، بجلی اور گیس کی دستیابی ہے ، IMF سے قرضہ لینے کی وجہ سے آئے دن بجلی ، گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے ، منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف پورے ملک میں کریک ڈائون کیا جائے کنزیوز افیئرز و زارت قائم کی جائے تاکہ صارفین کو درپیش مسائل حل ہوسکیں ، کوکب اقبال چیئرمین کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان

kokab iqbal chairman consumer association
کراچی حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں کامیاب ہوگئی تو عوام کے دلوں پر حکمرانی کرے گی ، مہنگائی نے عوام کا جینا محال کردیا ہے ۔ سبزی ، دال سے لیکر عام اشیاء کی قیمتوں میں روز بروز اضافہ صرف IMF کی وجہ سے ہورہا ہے کیونکہ IMFحکومت کو ڈکٹیشن دیتی ہے کہ گیس ، بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرو ۔ حکومت قرض کے بوجھ تلے رہنے کی وجہ سے IMF کی ہدایت پر مجبوراً عمل پیرا ہوتی ہے جس کی وجہ سے اشیاء خورد و نوش اور اشیاء صرف کی قیمتوں میں آئے دن اضافہ ہورہا ہے ۔ پورے پاکستان میں اشیاء ضروری کو کنٹرول کرنے کی کوئی حکمت عملی اور جذبہ دکھائی نہیں دیتا وفاقی اور صوبائی سطح پر حکومت رٹ قائم کرنے کی 2 فیصد بھی کوشش نہیں کی جاتی یہ بات کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین کوکب اقبال نے اپنے دفتر میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ پر بلائے گئے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ پرائس لسٹ صرف دکھاوا ہے ایک فیصد دوکاندار بھی لسٹ کے مطابق صارفین کو اشیاء فروخت نہیں کرتا ایسی لسٹوں کی اشاعت کا کیا فائدہ جس کے مطابق صارفین کو اشیاء دستیاب نہ ہوں کوکب اقبال نے کہا کہ نہ صرف مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے بلکہ اس سردی کے موسم میں پورے ملک خصوصاً سندھ کراچی میں گیس کا بدترین بحران ہے گھریلو صارفین کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے ہیں جبکہ اکثر و بیشتر بجلی کی لوڈ شیڈنگ بلا جواز کردی جاتی ہے، مہنگائی ، گیس کی نایابی اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے عام صارف کا ذہنی سکون برباد ہورہا ہے ۔ ایک طرف کورونا کے وار دوبارہ شروع ہوچکے ہیں لوگوں کو مختلف اداروں کی جانب سے فارغ کیا جارہا ہے معیشت منجمد ہوکر رہ گئی ہے ۔ لوگوں کا گھر کا خرچہ چلانا ناممکن ہوگیا ہے ۔ دوسری طرف آئے دن کبھی بجلی اور کبھی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی نوید سنائی دیتی ہے ۔ ایسا لگتا ہے لوگ کورونا سے کم مہنگائی اور بے روزگاری سے زیادہ مریں گے حکومت جلد از جلد IMF سے چھٹکارا حاصل کرنے کی کوشش کرے کیونکہ IMF جس ملک میں بھی گئی اس نے اپنے پنجے ایسے گاڑے کے وہاں کی عوام کو لاچار و مجبور کردیا کہ وہ خود ہی اپنی زندگیوں کو ختم کرلیں کوکب اقبال نے کہا کہ IMF کا مفہوم آئی میں ملک کو تباہ کرنا ہے یہ بات اگر قرضہ لینے والی حکومت کو سمجھ آجائے تو وہ کسی بھی صورت میں IMF کے پاس نہ جائے بلکہ وہ خود انحصاری پر توجہ دے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپوزیشن بھی مہنگائی کے بارے میں بتاکر عوام کی ہمدردی حاصل کر رہی ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ پورے ملک میں منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے تاکہ صارفین کو ریلیف حاصل ہوسکے کوکب اقبال نے کہا کہ کنزیومر افیئرز وزارت قائم کی جائے تاکہ صارفین کو درپیش مسائل حل ہوسکیں