حزب اختلاف کی جماعتیں ہر معاملے کو متنازعہ بنا رہی ہیں۔-وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان

وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حزب اختلاف کی جماعتیں ہر معاملے کو متنازعہ بنا رہی ہیں۔ سیندک،پی ایس ڈی پی اور باڈر پر باڑ لگانے کی بات کی جاتی ہے اور پھر ان کی جانب سے خاموشی اختیار کرلی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ گوادر میں فینسنگ کو ایک سیاسی رنگ دے کر اسے سیاسی پلیٹ فارم پر ایک ایشو بنایا جارہا ہے۔ حالانکہ یہ گوادر سیف کیپنگ انکلوژر گوادر سمارٹ سٹی کا ایک حصہ ہے، انہوں نے کہا کہ درحقیقت یہ انکلوژر شہر کی پشت پر پہاڑی سلسلے میں بنایا جارہا ہے اور جب تک وہ مکمل نہیں ہوتا تب تک ایک عارضی طرز کا انکلوژر بنے گا۔ فینسنگ اور اس میں ایک وسیع فرق ہے جس کا جاننا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیا گوادر پورٹ فینس نہیں، کیا ایک پارک، بی آر سی،کوئی یونیورسٹی یا کوئی نیشنل پارک فینس نہیں ہوتا؟ انہوں نے مزید کہا کہ ذاتی شکار گاہوں کی دیکھ بھال کے لئے فینس لگانا جائز تسلیم کیا جاتا ہے لیکن گوادر جیسے اہم شہر کی نگرانی اور اس کی بہتری کے لیے کوئی بھی عمل کیا جائے تو اسے ایک ایشو کیوں بنا دیا جاتا ہے۔