جوتا خراب ہونے کا بیگم کو بہت دکھ ہے۔شوہرعدالت پہنچ گیا


کراچی۔فرمانبردار شوہر، بیوی کا غم لے کر صارف عدالت پہنچ گیا اورموقف اپنایا کہ بیوی کو جوتا پسند تھا لیکن دکاندار نے خراب جوتا دیدیا جو چند دنوں میں ہی دو حصوں میں تقسیم ہوگیا، عدالت دکاندار کے خلاف کارروائی کرے اور بھاری جرمانہ بھی عائد کیا جائے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق کنزیومر پروٹیکشن کورٹ ایسٹ میں دائر درخواست میں شہری نے موقف اپنایا کہ انہوں نے طارق روڈ سے 1600 روپے میں جوتا خریدا جو بیگم کو پسند تھا، لیکن دکاندار نے خراب جوتا دیدیا جو چند دنوں میں ہی دو ٹکڑوں میں بٹ گیا۔

مدعی کے مطابق جوتا خراب ہونے کا بیگم کو بہت دکھ ہے لیکن جب دکاندار سے بات کی تو اس نے واپس لینے سے انکار کردیا۔ درخواست کا موقف سننے کے بعد عدالت نے درخواست سماعت کے لیے منظورکرلی اورگواہان کو طلب کرلیا۔

درخواست گزارنے استدعا کی کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور ساتھ ہی دکاندارپربھاری جرمانہ عائدکیا جائے تاکہ آئندہ وہ کسی اورکو خراب مال فراہم نہ کرے
————-
https://ummat.net/2020/12/18/723513/