نادہندگان کی عمارتوں،ہوٹلز، ریسٹورانٹس اور رہائشی مکانات کے پانی اور سیوریج کے کنکشن منقطع کردیئے

واٹربورڈ کے ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے واٹربورڈ کے بلوں اور نوٹس میں دی گئی تاریخ ادائیگی گزرنے کے بعدبدھ سے نادہندگان کے خلاف بھرپور انداز میں آپریشن شروع کردیاہے،شہر کے مختلف علاقوں میں نادہندگان کے پانی اور سیوریج کے کنکشنز منقطع کیئے جارہے ہیں، تفصیلات کے مطابق وزیربلدیات وچیئرمین واٹربورڈ سیدناصر حسین شاہ کی خصوصی ہدایات پر ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان نے منگل 15دسمبر کو واٹربورڈ کے بلوں اور نوٹس میں دی گئی تاریخ ادائیگی گزرنے کے بعد ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر آرآر جی وقار ہاشمی کوواٹربورڈ کے نادہندصارفین کیخلا ف گرینڈآپریشن شروع کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں، ان کی روشنی میں ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے واٹربورڈکے شعبہ انجینئرنگ کے بھرپور تعاون سے شہر کے مختلف علاقوں میں متعدد نادہندگان کی عمارتوں،ہوٹلز، ریسٹورانٹس اور رہائشی مکانات کے پانی اور سیوریج کے کنکشن منقطع کردیئے ہیں، واٹربورڈ کے عملے نے بدھ کونارتھ ناظم آباد کے مختلف بلاکس،سرجانی ٹاؤن کے متعدد سیکٹرز سمیت فیڈرل بی ایریا،صدر،کھارادر،گارڈن،بلدیہ ٹاؤن،گڈاپ،گلشن اقبال،سوسائٹی،گلستان جوہر،شیر شاہ،بنارس سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بلوں اور بقایاجات کی عدم ادائیگی پر متعدعمارتوں،ہوٹلز، ریسٹورانٹ،مکانات سمیت دیگر کے پانی اور سیوریج کے کنکشن منقطع کردیئے ہیں، علاوہ ازیں ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان کی جانب سے صارفین کی سہولت کیلئے واٹربورڈ کے تمام ضلعی ٹیکس دفاتر کے ساتھ نائنتھ مائلز کارساز پرقائم کمپلین سینٹر اور سوک سینٹرگلشن اقبال کے عقب میں واقع واٹربورڈ کے ہیڈ آفس میں ڈپلی کیٹ بلوں کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے،جبکہ اس ضمن میں واٹربورڈ کے تمام ٹیکس دفاتر ہفتہ کو بھی کھلے رہیں گے،دریں اثنا ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شہرمیں فراہمی ونکاسی آب کی بہتری،فراہمی ونکاسی آب سے متعلق شکایات کا فوری ازالہ ممکن بنانے کیلئے واٹربورڈکا مالی طورپر مستحکم ہوناضروری ہے، شہری واٹربورڈ سے تعاون کریں،ڈسکنکشن بعدازاں کنکشن کی بحالی فیس کی ادائیگی سے بچنے کیلئے واٹربورڈکے بلوں اور واجبات کی فوری ادائیگی ممکن بنائی جائے۔