وزیر بلدیات سعید غنی کی ہدایات ہیں کہ شہر کے تمام علاقوں میں پانی کی منصفانہ تقسیم کو ہر صورت یقینی بنایا جائے

کراچی – واٹربورڈ بھٹائی آباد ، مدینہ کالونی ملیر، بنارس کالونی اوراحسن آباد سمیت شہر کے ایسے تمام علاقوں جہاں کسی وجہ سے پانی کی فراہمی تسلی بخش نہیں ہے ایسے علاقوں میں فراہمی آب بہتر بنانے کیلئے اہم و مربوط اقدامات کررہا ہے ، حکومت سندھ خصوصا ً وزیر بلدیات سعید غنی کی ہدایات ہیں کہ شہر کے تمام علاقوں میں دستیاب پانی کی منصفانہ تقسیم کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ، ان ہدایات کی روشنی میں واٹربورڈ کی جانب سے پانی کی لائنوں کی صفائی ، لیکیجز کے خاتمے ، بوسیدہ لائنوں کی تبدیلی ، ناکارہ والوز کی جگہ نئے والوز کی تنصیب اور پانی کی چوری کی روک تھام سمیت دیگر اہم امور انجام دیئے جارہے ہیں ، ان خیالات کا اظہار ایم ڈی واٹربورڈ انجینئر اسد اللہ خان نے وزیر محنت و انسانی وسائل سندھ غلام مرتضیٰ اور ان کے ساتھ آنے والے وفد کے اراکین ، رکن سندھ اسمبلی دبستان خان ، جماعت اسلامی ضلع غربی کے ڈپٹی جزل سیکریٹری گل رحیم اور یوسی 14بنارس کے چیئرمین نوازخان سمیت دیگر سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ شہر کو اس کی طلب سے کہیں کم پانی دستیاب ہے اس کے باوجود واٹربورڈ ملک کے سب سے بڑے شہر اور معاشی حب کودستیاب پانی کی منصفانہ تقسیم کوممکن بنانے کیلئے کوشاں ہے،





>

کثیرآبادی والے شہر، خصوصاً کراچی کے دور دراز اور بلندی پر واقع علاقوں تک پانی پہنچانا کسی چیلنج سے کم نہیں ہے ، ہم سندھ حکومت کے بھرپور تعاون سے اس چیلنج سے نمبرد آزما ہیں ، شہر کے ہر گھر تک لائنوں کے ذریعے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے واٹربورڈ وقتاً فوقتاً لائنوں کی صفائی ، ناقص والوز کی جگہ نئے والوز کی تنصیب ، بوسیدہ وخستہ لائنوں کی تبدیلی وصفائی کے علاوہ نئی لائنیں بچھانے کا کام کرتا رہتا ہے ، انہوں نے کہا کہ حکومت کے تعاون سے شہر کو اضافی پانی کی فراہمی کے میگا پروجیکٹس پر بھی کام جاری ہے، اس موقع پر صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل غلام مرتضیٰ نے ایم ڈی واٹربورڈ کو اپنے حلقہ انتخاب خصوصاً بھٹائی آباد ، مدینہ کالونی کے مکینوں کو درپیش پانی کی فراہمی ونکاسی آب کے مسائل سے آگاہ کیا ، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت شہر یوں کو صاف وشفاف پانی کی برابرکی بنیاد پر تقسیم یقینی بنائے گی ، واٹربورڈ اس ضمن میں ضروری اقدامات کرے ، انہوں نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین بھی دلایا ، علاوہ ازیں رکن سندھ اسمبلی دبستان خان نے ایم ڈی واٹربورڈ کو احسن آباد میں پانی کے مسائل سے آگاہ کیا جس پر ایم ڈی واٹربورڈ نے موقع پر موجود افسران کو ضروری احکامات جاری کیئے ، جماعت اسلامی ضلع غربی کے جزل سیکریٹری گل رحیم اور یوسی 14بنارس کے چیئرمین نوازخان نے ایم ڈی واٹربورڈ سے ملاقات کے دوران بنارس یوسی 14میں فراہمی ونکاسی آب کی شکایات کے فوری خاتمہ کا مطالبہ کیا ، ایم ڈی واٹربورڈ نے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں