زندگی ایک مشکل ترین امتحان ہے، زینب جمیل

حال ہی میں شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہنے والی سابقہ اداکارہ و ماڈل زینب جمیل نے زندگی کو مشکل ترین امتحان قرار دے دیا۔

اداکاری اور ماڈلنگ کی دُنیا سے کنارہ کشی اختیار کرکے اپنی زندگی اسلامی تعلیمات کے مطابق گُزارنے کا فیصلہ کرنے والی زینب جمیل نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک معنی خیز پوسٹ شیئر کی ہے۔

زینب جمیل نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ ’زندگی ایک مشکل ترین امتحان ہے جس میں بہت سے لوگ ناکام ہوجاتے ہیں کیونکہ وہ دوسرے لوگوں کے جوابات کاپی کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔‘

سابقہ اداکارہ نے کہا کہ ’اُنہیں یہ معلوم نہیں ہوتا ہے کہ ہر انسان کا سوالات کا پرچہ دوسرے انسان سے مختلف ہوتا ہے۔‘

اُنہوں نے اپنی اس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’یہ وہ سبق ہے جو مجھے میری قرآنی تعلیمات کے آغاز میں پڑھایا گیا تھا اور مجھے یہ سمجھنے میں دو سال لگے کہ یہ حقیقت کتنی اہم ہے۔‘

اسلام کی خاطر شوبز چوڑھنے والی زینب جمیل کی انسٹا پروفائل تبدیل

یاد رہے کہ زینب جمیل نے اپنی حالیہ انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا تھا کہ ’میں فخر سے اس بات کا اعلان کر رہی ہوں کہ میں نے اداکاری اور ماڈلنگ چھوڑ دی ہے۔‘

سابقہ اداکارہ و ماڈل نے اس موقع پر اللّہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’الحمداللّہ، اللّه پاک نے مجھے قرآن و حدیث کی تعلیم حاصل کرنے کا شرف بخشا ہے۔‘

خوبرو اداکارہ زینب جمیل نے اسلام کی خاطر شوبز چھوڑ دیا

اُنہوں نے کہا تھا کہ ’میں اب اپنی زندگی اسلامی تعلیمات کے مطابق بسر کرتے ہوئے دین اسلام کی زیادہ سے زیادہ تعلیم حاصل کروں گی۔‘

زینب جمیل کے فیصلے پر سارہ چوہدری بھی خوش

واضح رہے کہ زینب جمیل نے جیو انٹرٹینمنٹ کے متعدد ڈراموں میں کام کیا ہے جن میں خدا اور محبت، سدا سکھی رہو، سُسرال میری بہن کا، منچلی، مل کے بھی ہم نہ ملے اور آپ کی کنیز سمیت دیگر ڈرامے شامل ہیں۔
——-jang——-https://jang.com.pk/news/857232