خوشی ہے پاکستان اگلے سال مضبوط ٹیموں کیخلاف کھیلے گا، بابر اعظم

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی تصدیق پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیریز میں شامل 2 ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کی قیادت کرنے کا منتظر ہوں۔

بابر اعظم نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پہلا موقع ہوگا کہ جب اپنے ہوم گراؤنڈ میں کرکٹ کے سب سے اہم فارمیٹ میں پاکستان کی کپتانی کرنے کا اعزاز حاصل کروں گا۔ خوشی ہے کہ آئندہ سال پاکستان کو مضبوط ٹیموں کے خلاف متواتر کرکٹ کھیلنی ہے، جو عالمی رینکنگ بہتر کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم آئندہ سال جنوری میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ مہمان ٹیم کا یہ 14 سال بعد پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز اور 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کراچی،لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔